آئی این ایل ڈائریکٹر کا دورہ خیبر پختونخوا ۔قانون کی حکمرانی کے لیے صوبے کی کوششوں میں دیر پا تعاون کواجاگر کیا

پشاور (۷ ِنومبر ، ۲۰۱۶ء )  ___امریکی شعبہ بین الاقوامی انسدادِمنشیات و نفاذ ِقانون امورپاکستان  (آئی این ایل پی) کی ڈائریکٹر کیٹی سٹانا  نے پشاور کا دورہ کیا اور خیبر پختونخوا کے سیکریٹری داخلہ  شکیل قادر خان اور انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی سے ملاقات کی ،جس میں آئی این ایل پاکستان کاخیبر پختونخوا کے ساتھ دیر ینہ اشتراکِ کار ، انسدادِ منشیات  ، اصلاحات اور پولیس کی اعانت کے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

         خیبر پختونخواپولیس آئی این ایل پاکستان کی سب سے زیادہ امدادحاصل کرنے والی پولیس ہے اوراس کے ساتھ تیس ملین  ڈالر مالیت کے منصوبے زیر تکمیل ہیں،جن میں جوائنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر  فیز ۲ (خیبر پختونخوا میں ایلیٹ پولیس کی ٹریننگ کی اولین اکیڈمی)  ، ضلع بونیر میں پولیس لائنز کی تعمیر  اور پشاور کے گردونواح میں  اکتیس پٹرولنگ پوسٹس کی تعمیر  کے لیے اعانت شامل ہے۔

ڈائریکٹر سٹانا  نے خیبر پختونخوا کے لیےآئی این ایل کے تعاون پر روشنی ڈالی اور انسپکڑ جنرل پولیس ناصر درانی سے ملاقات میں  خیبر پختونخوا پولیس کو غیر سیاسی بنانے اور اسےپیشہ ورفورس بنانے کے اقدامات کو سراہا۔ ڈائریکٹر سٹانا   نے خواتین کو پولیس فورس کا حصہ بنانے اورانہیں خصوصی تربیت دینے پر خیبر پختونخواپولیس کی تعریف کی۔  اس موقع پر انسپکڑ جنرل پولیس نے صوبے میں امن امان کی بہتری سے متعلق آگاہ کیا اور  خیبر پختونخواپولیس کے لیے  ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر  شعبہ بین الاقوامی انسدادِمنشیات و نفاذ ِقانون امورپاکستان کے کردار کو سراہا ۔

ڈائریکٹر سٹانا نے اصلاحات متعارف کروانے کے لیے محکمہ داخلہ  کی کوششوں کی بھی  تعریف کی  ۔ سیکریٹری داخلہ  شکیل قادر خان نے صوبائی محکمہ داخلہ   اور  بیوروآف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انوفرسمنٹ آفئیرز    کے  دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور صوبے میں سیکورٹی کی بہتری خصوصاََ پولیس اور جیل خانہ جات  کے نظام میں بہتری اور تربیت کی فراہمی پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔

آئی این ایل نے صوبہ خیبر پختونخوا سے ۴۳  اہلکاروں کو جیل خانوں کے امور سے متعلق جدید ترین تربیت کے لئے کولوراڈو بھیجنے کے علاوہ صوبے کی چار حساس ترین جیلوں کی سیکورٹی میں اضافے،  ۱۴ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر زکے دفاتر کی تعمیر اور تزئین و آرائش، فصلوں کے کنٹرول کے پروگرام، صوبہ میں منشیات کی طلبی میں کمی  کی سرگرمیوں اور صوبے میں نئے بھرتی ہونے والے پندرہ وکلاء ہائے استغاثہ کی تربیت میں کے لیے اعانت  فراہم کی ہے۔

امریکی شعبہ بین الاقوامی انسدادِمنشیات و نفاذ ِقانون امور  ۹۰ سے زیادہ ملکوں میں جرائم اور بدعنوانی کا سدباب ، انسداد منشیات اور  پولیس کے ادارے کی بہتری ،منصفانہ قوانین اورشفاف اور جوابدہ  عدالتی نظام کے لئے  سرگرم عمل ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے ملاحظہ کیجئے:

http://www.state.gov/j/inl/