وزیر خارجہ کیری کا بیان
امریکی محکمہ خارجہ
دفتر ترجمان
برائے فوری اجراء
میں سفیر رِچرڈ اولسن کو ملک کے لیے مخلصانہ خدمات کی تین دہائیوں کے بعد اُن کی سبکدوشی پر پورےمحکمہ خارجہ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
رچرڈ اولسن بلاشبہ ہمارے ممتاز ترین سفارتکاروں میں سے ایک، سنیئر فارن سروس کے رکن ہیں ،جو مشرقِ وسطیٰ اور حال ہی میں افغانستان اور پاکستان میں ہمارے کام میں پیش پیش رہے ہیں۔
وہ افغانستان اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی کی ذمہ داری میں غیرمعمولی تجربہ اورقیادت لے کر آئے۔انہوں نے افغان سربراہی میں مصالحتی عمل کی پیروی سمیت افغانستان میں گزشتہ پندرہ برس کے دوران ہونے والی ترقی کو مستحکم کرنے میں قابل قدر کردارادا کیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ایک مستحکم اور مفید تعلق کے فروغ میں اُن کا عزم ان کی غیر متزلزل سفارتی خدمات کابیّن ثبوت ہے۔
ہمیں امریکی سفارتکاری پر سفیر اولسن کے دیرپا اثرات کو سمجھنے کےلیے ان کی ذمہ داریوں کے وسیع سلسلہ سے زیادہ کسی امر پر نگاہ ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اپنی ۳۴ برس سے زیادہ کی امتیازی ملازمت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے لیے امریکی سفیر، کابل کے امریکی سفارتخانے میں ترقیاتی و معاشی امور کے رابطہ کار ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور میکسیکو، یوگنڈا، تیونس، سعودی عرب، ایتھوپیا، عراق، نیٹو میں عہدوں پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ یہاں واشنگٹن میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ۔
میں امریکی عوام اور محکمۂ خارجہ کی جانب سے اپنی قوم کے لیے سفیر اولسن کی مثالی خدمات پر اُن کا مشکور ہوں اور محکمۂ خارجہ سے رخصت ہونے کے بعداُن کی مستقبل کی کاوشوں کے لیے دعا گو ہوں۔