امریکا اور سندھ حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے قمبر شہدادکوٹ میں جدید سہولیات سے آراستہ اسکول کا قیام

27 مئی 2021
رابطہ: برٹنی اسٹورٹ
فون: 021 3527 5000

فوری اجرا کیلئے

امریکا اور سندھ حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے قمبر شہدادکوٹ کے طلبا و طالبات جدید سہولیات سے آراستہ اسکول سے مستفید ہوں گے

کراچی: امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے سندھ اور بلوچستان کے ڈائریکٹر جیمز پیریز اور سندھ کے تعلیم و خواندگی، محنت و انسانی وسائل کے وزیر سعید غنی نے سندھ کے علاقے نصیرآباد میں حال ہی میں تعمیر شدہ اسکول کا افتتاح کیا۔ تقریباَ ایک ہزار مقامی طلبا و طالبات اس اسکول میں قائم جدید نظام تعلیم، معیاری سہولیات سے آراستہ کلاس رومز، کمپیوٹرس ، سائنس لیب، صحت کمرہ اور لائبریری سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے جیمز پیریز نے کہا کہ "امریکا اور سندھ حکومت کے مشترکہ اقدامات کی وجہ سے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہت بہتر ہورہا ہے۔ یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کا مقصد نجی شعبے کے ساتھ مل کر تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ بچوں خاص طور پر بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے محفوظ مواقع فراہم کرنا ہے۔”

وزیر تعلیم سعید غنی نے یو ایس ایڈ اور صوبائی حکومت کی پائیدار شراکتداری کے ذریعے سندھ کی تعلیم کو جدید معیار پر استوار کرنے پر امریکی حکومت کے کردار کی تعریف کی۔ مذکورہ تقریب میں سندھ کے سیکریٹری تعلیم احمد بخش ناریجو سمیت مقامی لیڈران، اساتذہ، طلبا و طالبات اور والدین بھی موجود تھے۔

امریکی حکومت سندھ میں تعلیم کے معیار اور رسائی کو بہتر بنانے کیلئے کے یو ایس ایڈ کے ذریعے 25 ارب روپے (159.2ملین امریکی ڈالر) کی مالیت کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کو فنڈ کررہی ہے۔ اس پروگرام میں صوبے کے دس اضلاع بشمول دادو، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، کراچی ملیر، کراچی جنوبی، کراچی غربی، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ اور سکھر میں 106 جدید اسکولوں کی تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔ تاحال 74 اسکول تعمیر کیے جاچکے ہیں۔

USAID کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: www.usaid.gov/Pakistan۔

###