اسلام آباد ( ۱۱ اپریل ۲۰۲۲ء)- فائزر ویکسین کی ۴۷ لاکھ خوراکوں پر مشتمل تازہ ترین کھیپ کی ۱۰ اپریل کو ترسیل کے بعد ریاستہائے متحدہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کواب تک عطیہ کیے جانے والےکووڈ-۱۹ ٹیکوں کی تعداد چھ کروڑ پندرہ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ اور پاکستان کے حُکام،طبی ماہرین، نرسوں اور ترسیلات کے شعبہ سے وابستہ پیشہ ور افراد کے درمیان قریبی اشتراک کے نتائج عملی اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کی صورت میں نکل رہے ہیں۔اب تک کی اجتماعی کوششوں کی وجہ سے کووڈ-۱۹ سے متاثرہ افراد کی شرح میں بتدریج کمی لائی جا رہی ہے جو معمولات زندگی کی جانب محفوظ واپسی کا سبب بن رہا ہے ۔ یاد رہے کہ ویکسین کی ہر اضافی خوراک مسقتبل میں ممکنہ طور پر آنے والی کووڈ-۱۹ کی لہروں کے مقابلہ کے لیے ہماری استعداد میں اضافہ کرتی ہے۔
اس موقع پر امریکہ کے قائم مقام ناظم الامور ولیئم اسٹویر نے صحت کے شعبہ میں مضبوط باہمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے عطیہ کیے جانے والی ویکسین کو تقسیم کرنے کے لیے پاکستان کے صحت عامہ سے وابستہ اہلکاروں کی کوششوں اور مُلک بھر میں ٹیکہ مہم کی وجہ سے پاکستان کووڈ-۱۹ کے واقعات میں کمی دیکھ رہا ہے اور یہ مُلک کووڈ-۱۹ سے جنگ میں ایک قابل تقلید مثال بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ پاکستان کو سب سے زیادہ کووڈ-۱۹ ویکسین فراہم کرنے واحدمُلک ہے۔ فائزر اور موڈرنا ویکسین کے علاوہ امریکہ نے پاکستان کو بارہ لاکھ این نائنٹی فائیو ماسک، ۹۶ ہزار سرجیکل ماسک، باون ہزار حفاظتی گوگلز، دس لاکھ کووڈ فوری ٹیسٹ آلات، بارہ سو سے زائد آکسی میٹرز اور ۶۴ ہسپتالوں کے لیے دو سو وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے ہیں۔ یہ سب اقدامات قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت اور مُلک بھر میں لوگوں کے تحفظ کا سبب بنی ہیں۔ امریکہ کی حکومت نے پاکستان بھر میں تیس ہزار ر سے زیادہ خواتین صحت کارکنوں کو کووڈ-۱۹ کے مریضوں کی گھر ہی میں دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی ہے اور مرض کی نگرانی اور رد عمل کے یونٹ اور ٹیموں کا نیٹ ورک بھی تشکیل دیا ہے اور موجودہ وبا کی لہر اور مستقبل میں آنے والی ممکنہ بیماریوں سے مقابلہ کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا ہے۔
یہ ساری کوششیں امریکہ کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے کووڈ-۱۹ کے سد باب کے لیے فراہم کی جانے والی سات کروڑ ڈالر پر مشتمل براہ راست معاونت اور بانوے لاکھ ڈالر مالیت کے سامان کی فراہمی کا حصہ ہیں۔ کووڈ-۱۹ ویکسین کے متعلق مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں۔
https://www.state.gov/covid-19-recovery/vaccine-deliveries/
####