19 ستمبر 2018
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجراء
امریکا کی کمرشل سروس کے تحت پاکستانی تاجروں کے وفد کی ‘‘گلوبل سیکیورٹی ایکسچینج’’ میں شرکت
امریکی کمرشل سروس(USCS) کے تحت پاکستانی کمپنیوں کا وفد گلوبل سیکیورٹی ایکسچینج (GSX) میں شرکت کرے گا، یہ تجارتی نمائش امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں 25 سے 27 ستمبر تک منعقد کی جارہی ہے۔
گلوبل سیکیورٹی ایکسچینج کو پہلے امیرکن سوسائٹی فار انڈسٹریل سیکیورٹی (ASIS) کہا جاتا تھا۔ یہ سالانہ نمائش اور سیمینار دنیا کا سب سے جامع ترین نمائشی اور معلوماتی ایونٹ ہے۔ اس سال جی ایس ایکس میں 20 ہزار سے زائد شرکا اور 550 سے زائد نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے۔ جی ایس ایکس گزشتہ چھ دہائیوں سے دنیا بھر کے سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ افراد کی اہم ترین کانفرنس تسلیم کی جاتی ہے۔ اس ایونٹ کے ذریعے انڈسٹری کی جدید ترین معلومات، کاروبار کے فروغ کے مواقع اور سیکیورٹی مسائل کا جدید حل میسر آتا ہے۔ جی ایس ایکس کے تحت 300 سے زائد انفرادی تربیت کے سیشن بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں سیکیورٹی شعبے کے ہر پہلو کا احاطہ کیا جائے گا۔
امریکی کمرشل قونصلر مارک رسل نے پاکستانی شرکا کے لیے اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘جی ایس ایکس میں پاکستانی وفد کو لے جانا ہمارے اس عزم اور دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے کہ امریکا کی بہترین سیکیورٹی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو پاکستان میں متعارف کرایا جائے ۔’’
گلوبل سیکیورٹی ایکسچینج کے بارے میں مزید یہ جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.GSX.org