4 ستمبر 2018
رابطہ: کرش داس
فون: 02135275000
برائے فوری اجرا
امریکا کے تعاون سے پاکستان میں منشیات کے عادی افراد کا علاج کرنے والوں کے تربیتی پروگرام کا انعقاد
کراچی: امریکی حکومت کی امداد سے منشیات کے عادی افراد کے معالجین کی یونیورسل ٹریٹمنٹ کریکیولم (UTC) کے تحت 8 روزہ تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ میں انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو (INL) کی اتاشی کیتھرین ابیٹ، اقوام متحدہ کے ادارہ انسداد جرم و منشیات (UNODC) کے ڈاکٹر فرخ محمود انصاری اور پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر نورالحسن نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
یہ پروگرام ایک سال پر محیط تربیتی سلسلے کی پہلی کڑی ہے جس میں (UTC) کے تمام 9 ماڈیول کا احاطہ کیا جائے گا۔ (UNODC) انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو کی مالی امداد سے ان پروگراموں کا کراچی اور لاہور میں انعقاد کررہا ہے۔ کراچی میں ہونے والی تربیتی نشست میں 12 خواتین سمیت 28 معالجین شرکت کررہے ہیں جن کا تعلق پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سرکاری اسپتالوں اور غیرسرکاری تنظیموں سے ہے۔
امریکا پیشہ ورانہ استعداد سازی کو پاکستان کے وفاقی و صوبائی اداروں، غیرسرکاری تنظیموں اور عالمی تنظیموں کے ساتھ شراکت کا اہم جز سمجھتا ہے۔ معالجین کی تربیت جیسے اقدامات پاکستان میں منشیات کی لت میں مبتلا افراد کے علاج معالجے اور ایسے مریضوں کو سائنسی بنیاد پر اور عالمی معیار کے مطابق علاج کی سہولت حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو پاکستان میں منشیات کی روک تھام کے لیے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مدد فراہم کررہا ہے۔ آئی این ایل 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔
آئی این ایل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔http://www.state.gov/j/inl/.