امریکا کے کمیونٹی سپورٹ پروگرام ’’اسمال‘‘ گرانٹس کی پاکستان میں کامیابیاں

کراچی: امریکا کے ’’ اسمال گرانٹس اینڈ ایمبیسڈرز فنڈ پروگرام‘‘ کی کامیابیاں اجاگر کرنے کے لیے کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سرکاری عہدے داروں، کمیونٹی رہنماؤں اور اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں نے شرکت کی۔ ایس جی اے ایف پی کی فنڈنگ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ) کرتا ہے اور سنہ 2010 سے اب تک اس پروگرام کے تحت سندھ میں 65 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی 50 گرانٹ دی جاچکی ہیں۔ یہ پروگرام کمیونٹی کی بنیاد پر ایسے ترقیاتی منصوبوں کی مدد کرتا ہے جو جلد تکمیل تک پہنچ جاتے ہیں اس طرح یہ پروگرام پاکستان کی ترقی کے کئی شعبوں میں مددگار ہے۔

 یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹر ڈینس ہربول کا کہنا تھا کہ چاہے بحیرہ عرب میں معدومی کے خطرے سے دوچار اسپیشیز کے تحفظ کے لیے ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں کی صلاحیت بڑھانا ہو یا طلبہ میں لکھنے پڑھنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا یا جسمانی معذوری کی شکار خواتین کو ہنرسکھا کر انھیں بااختیار بنانا ہو، ایس جی اے ایف پی نے مختلف شعبوں میں امداد دے کر سندھ میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کی زندگی میں انقلاب برپا کیا ہے۔

2010ء میں اپنے آغاز سے اب تک یو ایس ایڈ کے ’’اسمال گرانٹس اینڈ ایمبیسڈرز فنڈ پروگرام‘‘ کے تحت پاکستان بھر میں 300 سے زائد منصوبوں کے لیے 3 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر امداد دی جاچکی ہے جن سے 20 لاکھ سے زائد افراد کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے۔ اسمال گرانٹس کے ذریعے تعلیمی اور شہری شمولیت کے منصوبوں میں مدد دی جاتی ہے جبکہ ایمبیسڈرز فنڈ کے ذریعے محروم طبقات کو بااختیار بنانے، چھوٹے کاروبار اور توانائی کے چھوٹے منصوبوں کو فنڈ فراہم کیے جاتے ہیں، ثقافت اور فننون لطیفہ کو فروغ دیا جاتا ہے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

یو ایس ایڈ کے اسمال گرانٹس اینڈ ایمبیسڈرز فنڈ پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔
http://www.sgafp.org.pk

پاکستان میں امریکی حکومت کی معاونت سے چلنے والے پروگراموں کی مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔
pk.usembassy.gov.