امریکہ اورصوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتوں کی فراہمی کے منصوبے کا اجراء

        پشاور (۱۴  دسمبر، ۲۰۱۶ء) __    امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیوِن برائونا ویل اور خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و صحت شہرام خان ترکئی نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے میں تربیت کی فراہمی کے نئے پروگرام کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ اس پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے ۹ اضلاع میں اعلیٰ تعلیم اور فنی تعلیم کے اداروں میں زیر تعلیم تین ہزار سے زائد نوجوان مرد و خواتین طالبعلموں کو تربیت اور سسکو سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی۔

خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و صحت شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ہماری حکومت خیبر پختونخواہ میں تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت کے لئے امریکی حکومت کے ساتھ اشتراک کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہم انفارمیشن اور ٹیلی مواصلات کی ٹیکنالوجی کے معیار اور اس ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری لاسکتے ہیں جو وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔

یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیوِن برائونا ویل نے عصری مہارتوں کی تربیت کی فراہمی کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا جن سے معاشی مواقع مہیا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں بالخصوص خیبر پختونخوا  اور فاٹا کے تنازع سے متاثرہ علاقوں میں نوجوانوں کو ایسی متعلقہ مہارتوں کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں جو انہیں روزگار کے لئے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس منصوبے کا آج ہم افتتاح کررہے ہیں وہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے میں مہارتوں سے ہمکنار کرے گا اور انہیں روزگار کے مواقع کے ساتھ منسلک کرے گا۔ یہ منصوبہ بالآخر طویل مدتی بنیاد پر معاشی نمو اور پاکستان کی ترقی کو جلاء بخشے گا۔

پشاور میں امریکہ کے قونصل جنرل ریمنڈ میک گراتھ نے فنی مہارتوں کے حصول میں موجودہ دور کے نوجوانوں کو مدد کی فراہمی کے لئے اس منصوبے کے اجراء کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کامیاب کیریئر اور سماجی قیادت کے لئے ان مہارتوں کی ضرورت ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے فنڈ سے چلنے والا یہ اسکلز فار یوتھ پروجیکٹ پاکستان میں یو ایس ایڈ کے گلوبل ڈیولپمنٹ الائنس (جی ڈی اے) کا پائلٹ پروجیکٹ ہے جس میں نجی شعبے کو وسائل میں شرکت کی بنیاد پر شریک کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سسکو سسٹمز کے ساتھ ۱:۱ کی شراکت کے ساتھ خیبر پختونخواہ کے ۹ اضلاع میں چالیس اداروں میں سسکو نیٹ ورکنگ اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت ان اداروں کے منتخب کردہ اساتذہ کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ آئی ٹی کی مہارتوں میں طلبہ کو تربیت کی فراہمی کے لئے انسٹرکٹر ٹریننرز کے طور پر کام کرسکیں۔

 

۱۴ دسمبر ، ۲۰۱۶ء                                                                                                                                      رابطہ: شعبہ امور عامہ

برا ئے فوری اجراء                                                                                                         قونصل خانہ ریاستہاۓ متحدہ امریکہ پشاور، پاکستان

فون: ۰۹۱۵۲۶۸۸۰۰

###