16 نومبر 2021
رابطہ: پبلک افیئرز سیکشن
فوری طور پر جاری کرنے کیلئے
امریکہ اور سندھ حکومت اشتراک سے کراچی میں 77 ویں نئی اسکول بلڈنگ کا افتتاح
کراچی – امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو اور سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے آج کراچی میں ایک اور نئی ہائی اسکول عمارت کا افتتاح کیا جو امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی مالی معاونت سے چلنے والے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) کے ذریعے تعمیر کی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ملیر میں تعمیر کردہ یہ 77 واں نیا اسکول، گورنمنٹ ہائی اسکول سندھی جماعت کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، بن قاسم ٹاؤن میں طلبا اور فیکلٹی کیلئے جدید ترین کلاس رومز، کمپیوٹر اور سائنس لیبز، ایک صحت کمرہ اور ایک لائبریری بھی فراہم کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل اسٹرو نے کہا "ہمیں یقین ہے کہ تمام ممالک اور افراد کی حقیقی اور پائیدار ترقی تعلیم سے ہی شروع ہوتی ہے۔ امریکہ اور پاکستان کے اسی محکم یقین کی وجہ سے ہم اس مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے تعلیم میں اپنا تعاون بڑھانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔”
یو ایس ایڈ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) 159.2 ملین ڈالر کا عطیہ ہے جس کا مقصد حکومت سندھ کے اشتراک سے صوبے کے 10 اضلاع میں 106 اسکول تعمیر کرکے سرکاری اسکولوں کی تعلیم تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت سندھ کے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ (ایس ای ایل ڈی) لاگت میں حصہ دار ہونے کے ناتے ایک کروڑ ڈالر کا حصہ دے رہی ہے۔
یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ڈیوڈ ینگ اور یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ اور بلوچستان اینڈریو ریبولڈ نے سندھ کے سیکرٹری تعلیم غلام اکبر لغاری کے ساتھ کمیونٹی کے سربراہان، اساتذہ، طلبا اور والدین کے ہمراہ شرکت کی۔
وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے یو ایس ایڈ کے ساتھ صوبے کی جاری شراکت داری کے ذریعے سندھ میں تعلیم کو جدید طرز پر استوار کرنے میں امریکی حکومت کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔ ایس بی ای پی کے ذریعے یو ایس ایڈ نے سندھ میں اسکولوں کی تعمیر میں 15کروڑ 92 لاکھ ڈالر (25 ارب روپے) خرچ کرچکا ہے۔
ایس بی ای پی نے 2010 میں سیلاب سے تباہ ہونے والے اسکولوں کی تعمیر نو کی اور موجودہ اسکولوں کو ضم کرنے، مستحکم کرنے اور اپ گریڈ کرنے کی حکومت سندھ کی پالیسی کی حمایت کے لئے دیگر اسکولوں کی ازسر نو تعمیر بھی کی۔ منصوبے کی تکمیل پر ایس بی ای پی سندھ کے دس اضلاع بشمول دادو، جیکب آباد، کراچی ملیر، کراچی جنوبی، کراچی شرقی، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ، قمبر-شہدادکوٹ اور سکھر میں 106 جدید ترین اسکول تعمیر کرچکی ہوگی۔
ایس بی ای پی لڑکیوں کے داخلہ میں اضافے، سیکھنے کے ماحول اور ابتدائی درجات میں ریڈنگ کو بہتر بنانے اور حکومت سندھ کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لئے لوگوں کو بھی متحرک کرتا ہے۔ ایس بی ای پی کے 106 اسکولوں میں 80 ہزار لڑکیاں اور لڑکے مستفید ہوں گے۔ ان اسکولوں کے آپریشنز کی قیادت نجی شعبے کی تعلیمی انتظامی تنظیمیں (ای ایم اوز) کر رہی ہیں۔ حکومت سندھ اور 10 ای ایم اوز کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت یہ 10 ای ایم اوز 171 سرکاری اسکولوں کا انتظام سنبھالیں گی جن میں سے 81 کو یو ایس ایڈ کی مالی معاونت حاصل ہے۔ اس میں گورنمنٹ ہائی اسکول سندھی جماعت کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی بھی شامل ہے جس کا انتظام سندھ مدرسۃ الاسلام بورڈ نامی ای ایم او کرے گا۔
یو ایس ایڈ پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کیلئے براہ کرم ملاحظہ کریں: www.usaid.gov/Pakistan
###