امریکہ اور پاکستان نےتجارت کو تقویت دینے کیلئے سنگل ونڈو سہولت کا آغاز کردیا

اسلام آباد( یکم نومبر ۲۰۲۱ء)۔۔  ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان نے سنگل ونڈو منصوبہ  پر عملدرآمد کے پہلے مرحلہ کا کامیابی سے آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد  کاروبار پرآنے والی  لاگت میں کمی ، کاغذی کار روائیوں میں تاخیرکا سدباب،  اور  پاکستان سے تجارتی مصنوعات کی درآمدات اور برآمدات کو آسان بنا کر تجارتی  سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہے۔منصوبہ   پر عملدرآمد تاجروں اور صارفین سب کے لیے یکساں مفید ثابت ہوگا۔ امریکہ کی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی  (یوایس ایڈ) اور حکومت پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو   (ایف بی آر)کے اشتراک سے   آج اس منصوبہ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم کے مُشیر برائے   مالیاتی اُمور جناب شوکت ترین ،  اسٹیٹ بینک آف پاکستان  اور دی سنگل ونڈو کمپنی  کے حُکام اور  وفاقی ایوانہائے تجارت و صنعت کے نمائندوں  نے شرکت کی۔

پاکستان سنگل ونڈو کے قیام سے  تجارت اور مصنوعات کی نقل و حمل میں شامل فریقین کو   درآمدات، برآمدات اور راہداری سے متعلق معلومات اور دستاویزات کو یکساں   بنانے اورضابطہ کی تمام   کارروائیوں کو ایک ہی  جگہ پر  پورا کرنے کی سہولیات میسر  ہوں گی ۔  ماضی میں تاجروں کو   متعدد سرکاری دفاتر سے  کاروبار سے متعلق منظوریاں  لینے کے لیے دوگنی محنت    اور کاغذی لوازمات کے مراحل سے  گزرنے کی وجہ سے  کاروباری   لاگت میں اضافہ اور  تاخیر کے مسائل  کا سامنا ہوتا  تھا ۔ آج اعلان کردہ سہولت  کے تحت سبسکرپشن اینڈ کسٹمز رجسٹریشن  نظام اور کمرشل بینک   انضمام   کے مرحلہ کا آغاز ہو چکا ہے.

افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں  یو ایس ایڈ کے  نائب مشن ڈائریکٹر ڈیوڈ ینگ کا کہنا تھا کہ    منصوبہ پر عملدرآمد سے  پاکستان میں  کاروبار کرنے پر وقت اور سرمایہ کی کھپت میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور یہ  منصوبہ پاکستان   کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تجارت اور راہداری کا مرکز بننے کے امکانات روشن کرے گا  جبکہ  مُلک میں کاروبار  کرنے کے مراحل کو  آسان بنا کرپاکستان سنگل ونڈو پروگرام  پاکستان کی  معیشت کی ترقی کے لیے بھی مزید مواقع  کھولے گا۔

وزیراعظم پاکستان کے مُشیر جناب شوکت  ترین نے  اظہارِ خیال   کرتے ہوئے کہا  کہ   پاکستان سنگل ونڈو   سہولت کے قیام کا تصور  اور اُس کا  ڈھانچہ   پاکستان کی موجودہ حُکومت کےاُس نصب العین کی عملی تعبیر ہے جس کے تحت تمام سرکاری محکموں اور شعبوں میں  معنی خیز اصلاحات کے نفاذ کے ذریعہ سے  شفافیت پر مبنی    موثر  اور  مسابقتی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ  دیا جائے۔

پاکستان سنگل ونڈو  منصوبہ   یو ایس ایڈ کے   پانچ سالہ منصوبے پاکستان ریجنل اکنامک انٹیگریشن ایکٹوٹی ( پی آر ای آئی اے)  کے زیرِ انتظام  قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں تجارتی شعبہ کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ سرکاری ونجی مذاکرات کا یہ فورم نجی اور سرکاری شعبوں میں ادارہ سازی اور انسانی وسائل کو بہتر بناکر پاکستان کے تجارتی ماحول کو سازگار بنانے کے امریکی نصب العین کو حاصل کرنے میں بھی معاون ہے ۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ   کی معاونت  کی سرگرمیوں سے متعلق مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں:

https://www.usaid.gov/pakistan

###