امریکہ اور پاکستان کا ماحول دوست توانائی کیلئے نجی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

اسلام آباد(۳   فروری، ۲۰۲۱ ) :  امریکی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی جانب سے اور حکومت پاکستان ، اقوام متحدہ کے صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو) اور مقامی شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان پرائیویٹ سیکٹرانرجی منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ماحول دوست توانائی کیلئے نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ یہ منصوبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی توانائی صلاحیتوں کیلئے نہ صرف مددگار ثابت ہوگا بلکہ پاکستان بھر میں مقامی اور قومی اقتصادی ترقی کا باعث بھی بنے گا۔

پاکستان کے نجی شعبہ کیلئے توانائی کا یہ منصوبہ کم لاگت اور قابل تجدید توانائی وسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دے گا جو کہ اقتصادی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماحول  دوست توانائی (کلین انرجی) منصوبے کے حوالے سے مالی وسائل تک رسائی یونیڈو پروجیکٹ فنانسنگ تک رسائی کیلئے کلین انرجی ڈویلپرز اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنن کے مطابق پائیدار، کم لاگت توانائی پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ نجی شعبے میں سرمایہ کاری کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر ملک امین اسلم کے مطابق یو ایس ایڈ کے مالی تعاون کے تحت یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی ماحول دوست، کم لاگت اور قابل تجدید توانائی کے حصول کی کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔

پاکستان میں توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ یو ایس ایڈ او رحکومت پاکستان کے درمیان طویل مدت شراکت داری کے تحت جاری ہے۔ یو ایس ایڈ نے 2010 سے   اب تک حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر نیشنل گرڈ میں 3900 میگا واٹ بجلی شامل کی ہے۔ سرمایہ کاری کے ان مواقع کا فائدہ براہ راست 47 ملین پاکستانیوں کو پہنچا جبکہ نجی شعبے میں 2.3 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی۔ یو ایس ایڈ نے نہ صرف نئی ٹرانسمیشن لائنز کی تنصیب کی بلکہ ہوا کے ذریعے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہمی اور پیداوار میں اضافے کیلئے سب اسٹیشنز بھی قائم کئے گئے۔ نہ صرف یہ بلکہ تھرمل اور ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹس کی بحالی میں بھی تعاون کیا گیا۔

توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ امریکی تعاون  کے حوالے سے مزید تفصیلات کیلئے، وزِٹ کریں

https://www.usaid.gov/pakistan/energy

 

٭٭٭٭