امریکہ اور پاکستان کے اشتراک سے ادویات کی درآمد اور برآمد جدید خطوط پر استوار

اسلام آباد ( ۲۳ فروری ۲۰۲۲ء)- – ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ( ڈی آر اے پی )  نے    امریکی  حکومت کے اشتراک سے  ایک ایسی جدید آن لائن  سہولت کا  اجراء کردیا  ہے جس کے توسط سے ادویات کی  درآمد اور برآمد  کے نظام    کو ڈیجیٹل  کرتے ہوئے  کارکردگی میں بہتری ، شفافیت اور  قابل احتساب بنایا جا سکے گا ۔  اس نظام کے نفاذ کے نتیجہ میں   ادویات کی پیداوار کی صنعت کے لیے سازگار تجارتی ماحول فراہم ہونے سے  پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کے حُصول کے لیے کی  جانے والی کوششوں کو بھی معاونت  میسر ہوگی۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے عالمی حفظان صحت ترسیلات پروگرام کی جانب سے تیار کیے  جانے والے  مذکورہ  جدید  آن لائن سہولت  کے نظام کو  بروئے کا ر لاتے ہوئے علاج و معالجہ سے متعلق اشیاء کی در آمد اور برآمد  کے لیے درکار  اجازت ناموں اور سندوں کا حصول آسان بنایا جا سکے گا۔ یہ ڈیجیٹل نظام  بارکوڈ کی تصدیق والے الیکٹرانک سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گا جس کے نتیجہ میں  وقت اور لاگت میں کمی اور دواساز کمپنیوں کی   اشیاء کی فوری ترسیل ممکن ہوسکے گی۔

اس موقع پر اظہار کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی  مشن ڈائریکٹر جُولی اے کوئنین  نے دواسازی کی صنعت میں ترقی کے  اس قدم  کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ  ادویات  کے معیار کو یقینی بنانے کے بین الاقوامی  پیمانہ متعارف کرانے کا باعث بنے گا۔  درآمدات اور برآمدات کا آن  لائن نظام اس  امر کا  بھی عندیہ ہے کہ  پاکستان  میں علاج و معالجہ سے وابستہ سامان   کا نظم و نسق برقرار رکھنے کے حوالہ سے ڈریپ کا بطور مرکزی ادارہ ایک مؤثر کردار ہے۔

آن لائن امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ سسٹم کی حوالگی کے لیے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مُشیر برائے اُمور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے     دواسازی کی صنعت کو ڈیجیٹل خطوط پر اُستوار کرنے کے سلسلہ میں یو ایس ایڈ کی معاونت پر  شکریہ  ادا کرتے ہوئے کہا کہ   یہ قدم وزیر اعظم کے نصب العین کے تحت دواسازی  کی صنعت میں تجارت کو آسان بنانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا  کہ ڈی اے آر پی  نے اپنے سافٹ ویئر   اور تجارتی ضابطوں کو نئے سرے سے ترتیب دیا ہے  تا  کہ   مؤثر،  شفاف اور احتساب پر مبنی تجارتی سلسلوں  کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستانیوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے مقصد پر   کار فرما امریکہ اور پاکستان کی یہ شراکت داری  ۷۵ برسوں پر  محیط ہے ۔ اس شراکت کے نتیجہ میں آفات سے نمٹنے سے لیکر روزگار  کے مواقع  کی  فراہمی  کے اقدامات تک  شاندار کامیابیاں  حاصل ہوئی ہیں جبکہ  انتظامی اُمور اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام میں بھی بہتری واقع ہوئی ہے۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ کی معاونت کے بارے میں مزید جاننے کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں: https://www.usaid.gov/pakistan

###