3 دسمبر 2021
رابطہ: پبلک افیئرز سیکشن
فوری اجرا کیلئے
امریکہ اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط تر بنانے کیلئے امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو کا دورہ حب، بلوچستان
کراچی : بلوچستان میں امریکی ٹیکنالوجیز اور کاروباری اداروں کیلئے مواقع تلاش کرنے اور امریکہ اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے امریکہ کے قونصل جنرل مارک اسٹرو نے 2 دسمبر کو بلوچستان کے بڑے صنعتی مرکز حب کا دورہ کیا۔
قونصل جنرل اسٹرو نے 1292 میگاواٹ ہبکو پاور پلانٹ کا دورہ کیا جو پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا آزاد بجلی پیدا کرنے والا بجلی گھر (آئی پی پی) ہے جہاں انہوں نے ہبکو قیادت سے ملاقات کرکے پلانٹ آپریشنز پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
اس کے بعد قونصل جنرل اسٹرو نے اسماعیل انڈسٹریز کا دورہ کیا جہاں توانائی سے بھری غذائی سپلیمنٹ تیار کی جاتی ہیں جو اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے ذریعے پاکستان اور افغانستان میں غذائی قلت کے علاج و روک تھام کیلئے پسماندہ آبادیوں کو دی جاتی ہیں۔ بعد ازاں قونصل جنرل اسٹرو نے گیٹرون نوواٹیکس پلانٹ کا دورہ کیا جو امریکہ کو پولیسٹر فلامنٹ دھاگہ اور پیٹ رال (PET resin) برآمد کرتا ہے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے قونصل جنرل اسٹرو نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ مجھے حب کا دورہ کرنے اور پاکستان کے ساتھ کئی دہائیوں سے جاری امریکی تعلقات میں کامیابیوں اور مواقع کی تلاش جاری رکھنے کا موقع ملا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ماحولیاتی تبدیلی، صحت اور تعلیم میں شراکت داری ہماری باہمی خوشحالی کو فروغ دیتی ہے۔”
قونصل جنرل اسٹرو کا دورہ روشن پاکستان اکیڈمی پر اختتام پذیر ہوا۔ روشن پاکستان، حب (بلوچستان) اور کراچی کے علاقے گلشن مزدور میں پسماندہ آبادیوں کیلئے بنیادی تعلیم فراہم رہا ہے۔ قونصل جنرل اسٹرو نے اسکول کی بانی اور 2013 میں امریکہ کی مالی اعانت سے چلنے والے ایمرجنگ لیڈرز آف پاکستان ایکسچینج پروگرام کی فارغ التحصیل حمیرا بچل سے ملاقات کی اور ان کی تعلیم، خواندگی اور سرپرستی کے ذریعے پسماندہ کمیونٹیز کے سماجی واقتصادی حالات کو بہتر بنانے کی کوششوں پر ستائش کی۔
امریکہ ہر سال 800 سے زائد پاکستانیوں کو امریکی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے ایکسچینج پروگراموں پر بھیجتا ہے تاکہ وہ دونوں ثقافتوں کے درمیان رابطہ کاری کے ذریعے قیمتی تجربات سے استفادہ حاصل کرسکیں اور واپس آکر پاکستان کی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوں۔
پاکستان میں امریکی حکومت کی جانب سے تعلیم کیلئے چلنے والے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کیلئے براہ کرم ملاحظہ کریں: https://pk.usembassy.gov/education-culture
###