اسلام آباد( ۲۵ جنوری۲۰۲۳ء)- آج اسلام آباد میں منعقد ہونے والی یو ایس پاکستان ڈائسپورا انگیجمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے کہا ہے کہ امریکہ میں رہنے والی پاکستانی نژاد شہری پاکستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاونت، معاشرتی فلاح اور تجارتی شعبوں کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔
نائب مشن سربراہ اینڈریو شوفر نے پاکستان کی معاشی ترقی کے سلسلہ میں امریکہ اور پاکستان کی دیرینہ شراکت کو اُجاگر کرتے ہوئے مستقبل میں بھی باہمی اشتراک کے مواقع کی نشاندہی کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان سبز انقلاب زندگیوں میں بہتری لانے کا وسیلہ بنا تھا بالکل اُسی طرح دونوں ملکوں کے مابین "ماحول دوست اتحاد” بھی ہمیں مِل جُل کر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافے ، شفاف توانائی کے متبادل ذرائع کی ترقی اور معاشی نمو کو مہمیز دینے میں مدد دے گا۔
اس موقع پرامریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ )نے یو ایس پاکستان ڈائسپورا کے ساتھ چار مفاہمتی یاداشتوں پر بھی دستخظ کیے:
۱۔ آرگنائیزیشن آف پاکستانی انٹرپرینوئرز آف نارتھ امریکا، سلیکان ویلی، پاکستان میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کو فروغ دیگی اور پاکستانی اسٹارٹ اپس کی مدد کریگی،
۲۔ سارک میڈ آئی کیو پاکستان میں حفظانِ صحت کے شعبہ میں ڈیجیٹل نظام میں بہتری لائیگی،
۳۔ کریسنٹ چیریٹی فاؤنڈیشن پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں معاونت فراہم کریگی،
۴۔ پاک فوڈز پاکستان میں انسانی امداد اور معاشرتی ترقی کے نتائج میں بہتری کے سلسلہ میں کام کریگی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں امریکی مشن کے اشتراک اور پاکستانی تارکین وطن کی تنظیم آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینوئرز آف نارتھ امریکہ کےتعاون سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں تین سو افراد نے بہ نفسِ نفیس شرکت کی، جن میں وفاقی وزیرِ تجارت سید نوید قمر اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی سفیر برائے سرمایہ کاری ذیشان شاہ، معروف کاروباری شخصیات اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن شامل تھے۔ شرکاء نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بنیادی مشکلات اور ترقی کے امکانات پر غور و خوض کیا۔
اس موقع پر یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشل مین نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بعض شعبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے جبکہ تارکین وطن پاکستانیوں کی تنظیموں کے درمیان اشتراک اور پاکستان میں معاشی، انسانی اور سماجی ترقی میں درپیش موجودہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینے میں بھی مدد ملی ہے۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، انسانی امداد اور سماجی و تجارتی شعبہ کے مسائل کا حل تلاش کرنے اور پاکستان کے ترقی کے اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ شراکت داری کے اپنےٹھوس عزم پر کاربند ہے۔
###