Flag

An official website of the United States government

امریکہ پاکستان تعلقات کی پچھترویں سالگرہ پر اسلام آباد کی عمارت پر روشنیوں کا مظاہرہ
کی طرف سے
1 منٹ پڑھیں
جنوری 4, 2023

 

اسلام آباد ( ۳ جنوری ۲۰۲۳ء)-  امریکہ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات  کے قیام کے پچھتر سال مکمل ہونے کی خوشی میں امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے  وفاقی دارالحکومت  کی شاہراہ جمہوریت پر قائم ایک عمارت پر  جدید ٹیکنالوجی  کے ذریعہ  روشنیوں کا اہتمام کیا ہے جو تین جنوری سےگیارہ جنوری تک جاری رہیگا۔

شراکت دار ادارے تھری ڈی  اِلومی نیشن کے تعاون سے جدت اور اختراع پر  مبنی اس سہ جہتی روشنیوں کے ذریعہ  گزشتہ ۷۵ برس کے دوران امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات  کےنمایاں موضوعات  اور تصاویر  کو اُجاگر کیا گیا ہے۔اس سے قبل  واشنگٹن یادگار اور ایفل ٹاور جیسے مشہور مقامات پر روشنیوں  کے  لیے  استعمال کی جانے والی  یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں  شاذ و نادر ہی  پہلے کبھی استعمال ہوئی ہے۔

اس موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کےناظم الاُمور اینڈریو شُوفر  نے کہا ہے کہ   امریکہ گزشتہ  ۷۵برسوں کے دوران توانائی، زراعت، عوامی صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور عوامی روابط کے قیام  کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت میں مصروف عمل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منفرد تکنیکی چراغاں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے  پاکستان کے ساتھ امریکہ کے دیرینہ اشتراک کی وُسعت اور گہرائی  کی پاکستان  کے لوگوں میں پذیرائی    ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ ہم  امریکہ -پاکستان ماحول دوست اتحاد  لائحہ عمل سمیت مستقبل میں  بھی  تعاون اور شراکت  کے مواقع تلاش کرنے کے منتظر رہیں گے۔

گزشتہ ۷۵ برس کے دوران باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کی بنیاد  پر قائم کردہ تعاون کا سلسلہ امریکہ اور پاکستان دونوں کے لیے فائدہ مند رہا ہے۔ امریکہ نے کئی دہائیوں سے  پاکستان میں انسانی زندگیوں کی بہتری ، باہمی تعاون میں اضافہ اور مشترکہ مفادات  کو آگے بڑھانے  کے لیے ۳۲ اَرب ڈالر  سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔ پاکستان کے ساتھ ہماری مضبوط  اور مسلسل وابستگی کے  عزم کے گواہ   وہ  ۳۷ ہزار پاکستانی بھی ہیں ، جو امریکی حکومت کے تعاون سے پیشہ ورانہ او ر تعلیمی تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے کے بعد معاشرہ  میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں  اور  پاکستان میں ۲۰۲۲ء کے سیلاب کے بعد بحالی  اور استعداد کار میں اضافہ کی کوششوں کی حمایت میں     نو کروڑ ستّر  لاکھ  ڈالر کی امداد  بھی   ہماری دیرینہ شراکت کا ایک ثبوت ہے۔

###