اسلام آباد (۲ جولائی ۲۰۲۱ء) — ریاستہائے متحدہ امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ موڈرنا ویکسین کی پچیس لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ آج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی ۔یہ ویکسین پاکستان کے لوگوں کو کوویکس بین الاقوامی ویکسین ترسیل اتحاد، یونیسف اور حکومت پاکستان کے اشتراک سےفراہم کی جا رہی ہے۔
یہ عطیہ امریکہ کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی آٹھ کروڑ خوراکیں تقسیم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے، جس کا مقصد کووڈ-۱۹ وباء کے سد باب کے لیے بین الاقوامی سطح پر برابری کی بنیاد پر محفوظ اور موثر ویکسین تک عوامی رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔ جس طرح صدر بائیڈن نے کہا ہے امریکہ بین الاقوامی سطح پر لوگوں تک ان ٹیکوں کی ہنگامی بنیاد پر فراہمی کے لیئے اتنا ہی پُر عزم ہے جس کا مظاہرہ خود امریکہ نے اپنے ملک میں کیا ہے۔
اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا کہ پاکستان میں متعین امریکی سفارتی مشن کو یہ محفوظ اور موثر ویکسین پاکستان کے شہریوں میں تقسیم کرنے پر خوشی ہے۔ اس ویکسین کے استعمال سے پاکستان میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ملک کو اُس بحران سے نکلنے میں مدد میسر ہوگی، جس کی وجہ سے ہمارے دونوں ممالک میں کئی خاندان اور برادریوں نے تباہی کا سامنا کیا ہے۔ ان ٹیکوں سے مستفید ہونے کے بعد عوام معاشی اور سماجی تعلقات کو بحال کرپائیں گے، جس کے ہم سب خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ حکومت پاکستان اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان جاری تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے جس کے سبب ویکسین کی ترسیل کے کام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیکوں کی ان تازہ کھیپ کے علاہ ریاستہائے متحدہ امریکہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ مالی تعاون کرتے ہوئےوبا میں مدد کے لیئے پانچ کروڑڈالر علیحدہ فراہم کیے ہیں۔ وباء پھوٹنے کے اوائل ہی سےدونوں ملکوں نے مرض کے انسداد اور اُس کی روک، متاثرین کی دیکھ بھال، لیبارٹری تشخیص میں وسعت، بیماری کے تعاقب، تمام اضلاع میں متاثرین کی نگرانی اور صف اول کے حفظان صحت کارکنوں کے تحفظ کی خاطر مل جُل کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔
اس کے علاوہ امریکہ نے دنیا کے بانوے غریب اور کم آمدنی والے ممالک میں انسداد کرونا وائرس وباء کی ویکسین کی خریداری اور ترسیل کے لیے کوویکس کو چار ارب ڈالر کے عطیات دینے کا عزم کیا ہوا ہے۔ یہ قدم خطرات سے دوچار آبادیوں بشمول صف اول کے صحت کارکنوں تک مساوی بنیادوں پر ویکسین کی رسائی ممکن بنانے کا باعث بن رہا ہے۔ مئی میں بھی پاکستان کو ایسٹرا زینکا ویکسین کی بارہ لاکھ خوراکیں کوویکس کے توسط سے مہیا کی گئی تھیں۔
کووڈ وباء کے سدباب کے لیے امریکہ کی کوششوں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔