امریکہ کی جانب سےبین الاقوامی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستانی اسکالرز کی اعانت

اسلام آباد (۱۹  ِستمبر ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یوایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر جیر ی بسن نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے پائیدار  عزم  کی تجدید کرتے ہوئے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں  پاکستانی ا سکالرز کو مبارکباد پیش کی۔

یہ تقریب یوایس ایڈ کے ٹریننگ  فار پاکستان پروگرام کے تحت حال ہی میں دو سالہ ماسٹرز اور چار سالہ پی ایچ ڈی پروگرام کامیابی سےمکمل کرنیوالے پاکستانی ا سکالرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ امریکی حکومت کی اعانت سےامریکی جامعات میں  تعلیم مکمل کرنے کے بعد پی ایچ ڈی کے اکتیس اور ماسٹرز پروگرام کے پچیس طالبعلم  پاکستانی جامعات میں بطور اساتذہ خدمات سر انجام دینے کے لیے وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔

مشن ڈائر یکٹر جیری بسن نے درس وتدریس ، سرکاری اور نجی شعبے  اورفلاحی اداروں سے وابستہ ایک سو سے زائد شرکا ء سے گفتگو میں کہا کہ معیاری بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کسی بھی قوم کی معاشی، سماجی اور سیاسی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور بطور ایک معلم  اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے ا سکالرز اگر ہزاروں نہیں ،تو کم ازکم سینکڑوں افراد کی زندگی میں تبدیلی لانے میں منفردکردار ادا کر سکتے ہیں  ۔

تعلیم  کا شعبہ پاکستان میں امریکی حکومت کی  اعانت کے پانچ ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔  پی ایچ ڈی اور ماسٹرز کا ا سکالرشپ پروگرام   پاکستان میں تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے مختلف پروگراموں میں سے ایک ہے۔ یوایس ایڈ اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں اساتذہ اور درس وتدریس کی صلاحیت میں اضافے کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان ا سکالرز نے امریکہ میں تعلیم  کے دوران پاکستان میں درس وتدریس ، تحقیق  اور اُس کے عملی اطلاق ایسےموضوعات پرتحقیق کی ۔

تعلیمی شعبے میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کےمزید پروگراموں کے متعلق جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ  کریں:

http://www.usaid.gov/pakistan/education