امریکہ کی جانب سے بچوں کیلئے فائزر کووڈ ویکسین کی ۸۰ لاکھ اضافی خوراکیں

اسلام آباد( ۷ اَکتوبر ۲۰۲۲ء)-امریکی حکومت  نے بچوں کوکووڈ-۱۹ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی  فائزر   ویکسین   کی ۸۰ لاکھ  خوراکوں پر مشتمل اضافی کھیپ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے  توسط   اور  حُکومت کے اشتراک سے   پاکستان کو عطیہ کردی ہے۔   اِن ٹیکوں کی ترسیل کے بعد  امریکہ  کی جانب سے پاکستان کے لوگوں کو عطیہ کیےجانے والے محفوظ اور مؤثر کووڈ-۱۹ ٹیکوں کی تعداد  ۷ کروڑ ۸۰ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے، جس میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ بچوں کی ویکسین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ ،پاکستان کو  سب سے زیادہ کووڈ-۱۹ ویکسین عطیہ کرنے والا مُلک ہے۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ  ، پاکستان کے عوام کے تحفظ کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت کے لیے پُرعزم ہے۔ اس شراکت میں بچوں کو کورونا سے تحفظ کے ٹیکے لگانے کی ابتدائی مہم پر کامیابی سے عملدرآمد بھی شامل ہے، جس کے دوران   ۱۹ سے ۲۴ ستمبر کے دوران پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے ۷۰ لاکھ بچوں تک  محض چھ دنوں کے اندر رسائی ممکن بنائی گئی۔

ویکسین کے ساتھ ساتھ  امریکی حکومت  نے  پاکستان  کے عوام کو آٹھ کروڑ ڈالر کی براہ راست امداد اور  سازوسامان بھی  کووڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں اعانت کے طور پر دیا ہے۔  اس معاونت میں۱۲لاکھ این -۹۵ماسک، چھیانوے ہزارسرجیکل ماسک، باون ہزارحفاظتی چشمے، دس لاکھ فوری تشخیصی ٹیسٹ ،بارہ سو پلس آکسی میٹرزاور۶۴ پاکستانی ہسپتالوں کے لیے دوسووینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے ہیں، جو پاکستان میں انسانی زندگیوں کے  تحفظ کا باعث بنے ہیں۔

امریکی حکومت نے پاکستان بھرمیں تیس ہزارسے زیادہ خواتین  سمیت پچاس ہزار صحت کارکنوں کو کورونا متاثرین کی گھر ہی میں دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی ہے اور مرض کی نگرانی اور رد عمل کے یونٹ اور ٹیموں کا نیٹ ورک بھی تشکیل دیا ہے۔ اس  کے نتیجےمیں وبا کی موجودہ لہراور مستقبل میں پیدا ہونے والی ممکنہ بیماریوں سے مقابلہ کے لیے بنیادی ڈھانچہ  میسر آیا  ہے۔جولائی میں امریکہ  نے  پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت کو ۴۶ لاکھ ڈالر مالیت  کے چار موبائل  ٹیسٹ لیب بھی دیے ہیں۔  اِن لیبارٹریوں نے پورے پاکستان، بالخصوص دُور افتادہ اور سہولیات سے محروم علاقوں میں بیماریوں کی تشخیص کی استعدادکار میں اضافہ کیا ہے۔

پاکستان  میں یوایس ایڈ کے کام کے بارے  میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک پر جائیں:www.usaid.gov/pakistan

###