امریکہ کی جانب سے سندھ کے لئے فائزر ویکسین کی مزید 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد خوراکوں کا عطیہ

13 ستمبر 2021
رابطہ: برٹنی اسٹورٹ
فون: 021 3527 5000

فوری طور پر جاری کرنے کیلئے

امریکہ کی جانب سے سندھ کے لئے فائزر ویکسین کی مزید 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد خوراکوں کا عطیہ

کراچی (13 ستمبر 2021) – امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو اور سندھ کی صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی عذرا فضل پیچوہو نے امریکا کی جانب سے سندھ کے عوام کیلئے کوویکس کی سہولت کے ذریعے بھیجی گئی فائزر ویکسین کی 3 لاکھ 20 ہزار 5 سو اسی خوراکوں کا عطیہ وصول کیا۔ یہ خوراکیں ان 66 لاکھ فائزر ویکسین کا حصہ ہیں جو پاکستان کو امریکہ کی جانب سے دی گئی ہیں۔ یہ کوویڈ ویکسین کی چوتھی قسط ہے جس سے پاکستان کو ملنے والی ویکسین خوراکوں کی کل تعداد ایک کروڑ 6 لاکھ ہوچکی ہے۔

کراچی میں سندھ حکومت کی قائم کردہ الٹرا کولڈ چین سہولت میں ویکسین سندھ کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل مارک اسٹرو نے کہا کہ "مجھے امریکی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کوویڈ-19 کو شکست دینے کے لئے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر ہے۔ ہم یہ عطیہ پاکستانی عوام کی زندگیاں بچانے اور اس وبا کو ختم کرنے کے لیے دے رہے ہیں۔ ہم مل کر ایک ایسی دنیا کی تعمیر جاری رکھیں گے جو ہمیں متعدی بیماریوں کے خطرے سے محفوظ رکھ سکے ۔”

امریکہ نے کووڈـ۱۹ کی روک تھام کیلئے پاکستان کو شراکتداری کے ذریعے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کی اعانت فراہم کی ہے جس میں سندھ میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے 52 وینٹیلیٹر، ذاتی حفاظتی لباس اور آکسیمیٹر شامل ہیں۔ کرونا وبا پُھوٹنے سے لے کر اب تک امریکا نے اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے، اُس کے خاتمے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانے، لیبارٹری میں تشخیص کے عمل کو وسعت دینے، بیماری کی نگرانی کرنے اور ضلعی سطح پر کیسوں پر نظر رکھنے اور صف اول میں کام کرنے والے طبی کارکنان کی مدد کیلئے پاکستان کے ساتھ مِل کرکام کیا ہے۔

کوویڈ-19 پر امریکی حکومت کی کوششوں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ کرم ملاحظہ کریں: https://www.state.gov/covid-19-recovery/ اور https://www.usaid.gov/coronavirus-covid-19۔
###