امریکہ کی جانب سے پاکستان میں صحت کے بہتر نظام کیلئے مزید سرمایہ کاری

 

اسلام آباد (۱۷  ِمئی ،  ۲۰۱۷ء)__ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک، وزارت قومی صحت کے سیکرٹری ایوب شیخ، ہیلتھ سروسز اکیڈمی  کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر  ڈاکٹر اسد حفیظ  اور شعبہ صحت حکومت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے حکومت امریکہ کی جانب سے پاکستانی عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختص بجٹ میں اعانت  کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے  کی غرض سے تین لیٹرز آف کمٹمنٹ  پر دستخط کئے۔

یو ایس ایڈ اور وزارت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کے درمیان طے پانے والے پہلے لیٹر آف کمٹمنٹ  کا مقصد صوبے میں صحت وآبادی کے شعبے میں منصوبہ بندی اور اصلاح کو فروغ دینا، صحت سے متعلق سرکاری  شعبہ کی مالی استعداد بڑھانا،محفوظ زچگی کے شعبے  میں سرمایہ کاری اور صحت کے شعبہ میں افرادی قوت ، بالخصوص  ماہر دائیوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز، کو تیارکرناہے۔

یو ایس ایڈ اور وزارت صحت حکومت سندھ کے درمیان دستخط کئے جانے والے دوسرے لیٹر آف کمٹمنٹ  کا تعلق عوام کی صحت کے حوالے سے منصوبہ بندی میں معلومات فراہم کرنے کیلئے اعدادوشمارکے استعمال میں بہتری لانا ہے۔ امریکی اعانت سے اس  محکمے  کو صوبے بھر میں نگرانی  کی  صلاحیتوں  کو مؤثربنانے اور ڈائریکٹر جنرل صحت  سندھ  کے نگرانی اور جائزے کےشعبے  کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔

یوایس ایڈ اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی  کےمابین طے پانے والے تیسرے لیٹر آف کمٹمنٹ  کے ذریعے اساتذہ کی ترقی ، مطلوبہ تحقیق، سابق طالب علموں کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور فاصلاتی تعلیم کے پروگرام وضع کرنے میں مدد ملے گی۔

مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے پاکستان کے شعبہ صحت کے حوالے سے امریکہ کے دیر پا عزم کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت سمجھتی ہے کہ پاکستانی عوام پر سرمایہ کاری  کرنااور ہر سطح پر ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے حکومت پاکستان کی استعداد کو بہتر بنانا انسانی زندگیوں کو  بچانے اور صحت کے حوالے سے بہتر نتائج  حصول کے دو لازمی اجزاء ہیں۔

وزارت قومی صحت کے سیکرٹری ایوب شیخ نے صحت کے شعبے میں حکومتوں کی سطح پر نئے پروگرام شروع کرنے اور تزویراتی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنے پر، جس سے قومی صحت پالیسی، خدمات، مالیات اور نگرانی میں بہتری آئے گی ، امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔

فوٹو دیکھنے کیلئے درجہ ذیل پیج ملاحظہ کیجئے۔

U.S. Embassy’s Flickr page.

###