اسلا م آباد (یکم ستمبر ، ۲۰۱۶ء) __ پاکستان کے کاروباری اداروں کے نمائندے اٹلانٹا، جارجیا، میں منعقد ہونیوالے لکڑی کے کام کے بین الاقوامی میلے(آئی ڈبلیو ایف) میں شرکت کرنے کیلئے امریکہ جائیں گے۔ آئی ڈبلیو ایف فرنیچر کی تیاری، عمارتوں کے چوبی کام، لکڑی کے کام والی روایتی اور عام نمائشوں کا انعقاد کرنے والے دنیا کے صف اول کے میلوں میں سے ایک ہے اور چوبی کام سےمتعلق شعبوں میں تخصیصی صلاحیت رکھنے والے ایک ہزار سے زیادہ افراد کو نمائش میں مدعو کرتا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی کمرشل قونصلر چیرل ڈیوکلونے کہا کہ اس تجارتی وفد کی بدولت پاکستانی اور امریکی کاروباری افراد کو نئی منڈیاں تلاش کرنے اور اپنے کاروبار کے درمیان تعلقات استوار کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس وفد کو اپنے اپنے شعبوں سے متعلق جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور یوں وہ اپنے کاروبار کو بہتر بنانے کے قابل ہوسکیں گے۔
امریکی کمرشل سروس(یوایس سی ایس) ہر سال خریداروں کے عالمی پروگرام کے تحت امریکہ میں منعقد ہونیوالی تجارتی نمائشوں میں شرکت کیلئے پاکستان کے نجی شعبے سے ڈیڑھ ،دو سو افراد کو بھرتی کرتی اور اُن کی رہنمائی کرتی ہے۔ امسال اب تک یوایس سی ایس الیکٹرانک اشیاء، پولٹری اوراس صنعت میں استعمال ہونے والے آلات، قدرتی ہومیوپیتھک مصنوعات اور اسمارٹ گرڈ، بجلی کی ترسیل وتقسیم کی ٹیکنالوجی سے متعلق شعبوں کے وفود کو امریکہ لے جا چکی ہے۔ آئندہ پروگراموں میں فارم پراگریس شو اور سولر پاور انٹرنیشنل شامل ہوں گے۔
وفد کے ارکان سرکاری پاکستانی وفد میں شرکت کی فیس اور اپنے اخراجات ادا کرتے ہیں اور یو ایس سی ایس کے ذریعے خصوصی خدمات اور سہولتیں حاصل کرتے ہیں جو اُن کے کاروباری اہداف اور مفادات کے مطابق وضع کی گئی ہیں۔ یو ایس کمرشل سروس اور خریداروں کے عالمی پروگرام کے بارے میں مزید معلومات کیلئے اپنے مقامی ایوان تجارت سے رابطہ کریں یا درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
http://islamabad.usembassy.gov/us-commercial-service-pakistan.html
###