اسلام آباد ( ۲۰ مارچ ۲۰۲۳ء)- امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے منعقد ہونے والا دو روزہ ” یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو” گزشتہ روز یہاں اختتام پذیر ہوا۔ اس نمائش کا مقصد حکومتِ امریکہ کی معاونت سے فعال ہونے والے نئے پاکستانی کاروباری سلسلوں (اسٹارٹ اپس) کی کامیابیوں کی کہانیوں کو اُجاگر کرنااور اُن کے لیے مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ نمائش کے دوران نئے اسٹارٹ اپس کو اپنی کاروباری سوچ اور کاروبار کے ابتدائی خاکوں کو اُجاگر کرنے کا موقع فراہم ہوا جبکہ اُن کو ممکنہ امریکی اور پاکستانی تاجر سرمایہ داروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ کاری کی سہولت کاری بھی میسّر ہوئی۔
اپنے افتتاحی خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنامریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ امریکہ پہلے ہی پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جبکہ ہم سال بہ سال پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھ رہے ہیں لیکن اب بھی دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے اورآپ جیسے کاروباری افراد اِس کوشش کا مرکزی ستون ہیں ۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال مُلک ہے لیکن کامیابی کی اگلی منزل تک رسائی کے لیے اختراع پسندی اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ سنہ ۲۰۱۲ء سے لیکر اب تک امریکی سفارتخانہ ایک کروڑ سنتالیس لاکھ ڈالر مالیت کے ۱۸۱ سے زائد کاروباری منصوبوں کومالی معاونت فراہم کر چُکا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سفیر کے ساتھ تقریب کے شریک مہمان ِخصوصی اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم شہریار تھے ۔ انہوں پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کی حمایت کرنے پر امریکی حکومت کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔
ایشیا فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر مشیر حارث قیوم نے پاکستانی اسٹارٹ اپس کی کامیابیوں کی پذیرائی پر امریکی سفارتخانہ اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے درمیان اشتراک کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد ٹیکنالوجی کے کاروبار سے منسلک متحرک پاکستانی انٹرپرینیورز کی کاوشوں کی توثیق اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور تکنیکی جدت طرازی کی ایک مثال ہے۔
واضح رہے کہ نمائش کے دوران سرمایہ داروں اور سرمایہ کاروں کے لیےخُصوصی مذاکراتی نشست بھی منعقد کی گئی ۔ پاکستان، مشرق وسطیٰ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی اور نوزائیدہ تجارتی سلسوں کے ماحول میں درپیش مشکلات اور دستیاب مواقع کا احاطہ کیا ۔ نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر پرویز عباسی نے نمائش کو پاکستان اور امریکہ کے مابین اشتراک اور تجارت کے وسیع امکانات کا مظہر قرار دیا ۔ نمائش میں شریک ہونے والے وفود نے امید کا اظہار کیا کہ نمائش کا انعقاد امریکہ اور پاکستان کے مابین مزیدتجارت کو فروغ دے گا۔
###