امریکی آرٹسٹوں نے پی اے سی سی میں نئی میورل مکمل کرلی

کراچی: پاکستان امیرکن کلچرل سینٹر( پی اے سی سی) میں امریکی آرٹسٹوں کی جانب سے بنائی گئی میورل ( دیواری نقاشی) کے انتساب کی تقریب منعقد کی گئی جس میں تقریباً 150 آرٹسٹوں، طلبہ اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 15 سال سے کام کرنے والے امریکی آرٹ گروپ ورلڈ بیٹس اینڈ لائف (WBL) نے پاکستان میں دو ہفتے قیام کیا، اس دوران انھوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان میں کمیون آرٹسٹس کالونی، انڈس ویلی اسکول آف آرٹس اور پی اے سی سی میں میورل اور گریفیٹی کے متعلق ورک شاپ منعقد کیں۔ ڈبلیو بی ایل فنون لطیفہ خصوصاً عوامی آرٹ کی طاقت کے ذریعے سماجی تبدیلی کے لیے مختف کمیونیٹوں کے درمیان افہام و تفہیم کی کوششیں کرتا ہے جس کے لیے ’’ پینٹ جام‘‘ اور تربیتی نشستیں منعقد کی جاتی ہیں۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ان آرٹسٹوں کی تخلیقی توانائی، پاکستان میں بننے والے دوستی کے رشتوں اور باہمی تعاون سے سامنے آنے والے کام کے نتائج ہمیشہ تابندہ رہیں گے۔‘‘
امریکی حکومت نے پاکستان کے نوجوان آرٹسٹوں میں گریفیٹی، میورل اور پبلک آرٹ کی مہارت بڑھانے کے لیے ڈبلیو بی ایل کو گرانٹ فراہم کی ہے۔ کراچی آنے سے پہلے ڈبلیو بی ایل نے اسلام آباد اور لاہور میں بھی تربیتی پراجیکٹ مکمل کیے۔
کراچی کے امریکی قونصل خانے کی سندھ اور بلوچستان میں سرگرمیوں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے pk.usembassy.gov