امریکی اعانت سے مربوط توانائی منصوبہ کے تحت اسٹیئرنگ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس

اسلا م آباد  (۱۸  ِستمبر،  ۲۰۱۷ء) __   پاکستان میں متعین امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز کے ہمراہ آج مربوط توانائی منصوبہ برائے پاکستان کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کا افتتاح کیا۔

امریکی محکمہ توانائی ،یو ایس ایڈاور امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے پاکستانی عوام کے لئے زیادہ  مستعد اور قابل اعتبار توانائی کی فراہمی کےلئے ایک روڈ میپ کے طور پر پاکستان کا مربوط توانائی منصوبہ وضع کررہا ہے ۔ امریکی محکمہ توانائی کی ٹیموں نےدو برس کی مدت کے دوران مربوط توانائی منصوبہ وضع کرنے کے لئے پاکستانی حکومت کے مذاکرات کار، درس وتدریس سے وابستہ افراد اور نجی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ اشتراک ِعمل کیا ہے ۔ اسٹیرنگ کمیٹی کا آغاز اس عمل میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

اسٹیرنگ کمیٹی کی قیادت منصوبہ بندی کمیشن کرے گا اور اس میں حکومت کے تمام متعلقہ فریق شامل ہوں گے۔ مربوط توانائی منصوبہ پاکستان کے لئے توانائی کے شعبے میں پیش رفت اور معلومات کے تبادلہ کے لئے تعلیمی شعبےسے منسلک ماہرین ، غیر سرکاری تنظیموں، بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ اشتراک پر زور دیتا ہے۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی جانب سے مربوط توانائی منصوبہ کی اہمیت اور پاکستان کے لئے توانائی کے مسائل کے حل کی جانب فیصلوں میں سہولت کے لئے ایک جامع توانائی منصوبہ کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مربوط توانائی منصوبہ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا افتتاح مناسب وقت پر ہوا ہے کیونکہ حکومت توانائی کے شعبے میں استعداد کو بہتر بنانا چاہتی ہے اور یہ تزویراتی منصوبہ قومی سطح پر توانائی سے متعلق ایک ٹھوس منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوگا۔

منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبہ کیلئے ایک روڈ میپ اور باکفایت و دیرپا  حکمت عملیوں ا ور منصوبوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے خود کفالت  کی منزل کے حصول کے لئے مربوط منصوبہ بندی  کا نظام بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں ایک بامعنی تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں متعدد منصوبے تکمیل یا منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس ضمن میں امریکی تعاون کو سراہتی ہے۔