امریکی امداد سے سبزیوں کی برآمدات کے لیے کولڈ اسٹوریج کا افتتاح

22 مارچ 2019ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021

برائے فوری اجرا

امریکی امداد سے سبزیوں کی برآمدات کے لیے کولڈ اسٹوریج کا افتتاح

کراچی: امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے سبزیوں کے برآمد کنندگان کے لیے جدید ترین کولڈ اسٹوریج کا افتتاح کردیا۔ یہ منصوبہ امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کی فنڈنگ سے چلنے والے ایگریکلچرل مارکیٹ ڈیولپمنٹ (AMD) پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا۔

اے ایم ڈی کا مقصد نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے اشتراک سے پاکستان میں بیش قیمت اور بے موسمی سبزیوں کی پیداوار اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک سندھ اور بلوچستان میں گریڈنگ اور پیکنگ کے سات اہم مراکز کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔ یہ مراکز پاکستان میں سبزیوں کے شعبے کو درجہ بندی، چھٹائی اور پیکیجنگ کی ناکافی سہولیات جیسے مسائل دور کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ یہ کولڈ اسٹوریج سبزیوں کی شیلف لائف بڑھانے، خراب ہونے کے نقصانات میں کمی اور مجموعی طور پر مصنوعات کا معیار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔’’

اس موقع پر یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان مائیکل رائیشکیشن، پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن (PFVA) کے چیئرمین اور پیٹرن انچیف وحید احمد اور پاکستان کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فلک ناز بھی موجود تھیں۔

امریکا اور پاکستان کے شراکتی پروگرام ایگریکلچرل مارکیٹ ڈیولپمنٹ(AMD)  کا مقصد پاکستان کے زرعی اور مویشیوں کے شعبے کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ چار خصوصی اہداف یعنی گوشت، نقدآور سبزیوں، آم اور کینو کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بھرپور مسابقت کرسکے۔ اس پروگرام سے مقررہ اہداف کے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے، ان اشیا کا معیار اور قابل برآمد پیداوار کی مقدار بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ کسانوں، پراسیس کمپنیوں، برآمد کنندگان اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے عالمی خریداروں کے روابط کو فروغ مل رہا ہے جس کے نتیجے میں آمدن میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی عوام کے لیے ان شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ کے مزید پروگراموں کے بارے میں جاننے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.usaid.gov/Pakistan