امریکی اور سندھ حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کیلئے فوجداری قانون کے نئے نصاب کی رونمائی

28 اگست 2019
رابطہ: جیسن گرین

فوری اجراء کے لئے

امریکی اور سندھ حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کیلئے فوجداری قانون کے نئے نصاب کی رونمائی

کراچی (بدھ، 28 اگست 2019) – کراچی میں امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین اور پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو (INL) کی ڈائریکٹر ڈوروتھی انگوٹا نے آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کے ساتھ مل کر فوجداری قانون کے نئے نصاب کی رونمائی کی۔ یہ ماڈیول اس سلسہ وار تربیتی نصاب کا حصہ ہے جو کہ سندھ پولیس، INL کی شراکت سے ترتیب دے رہی ہے ۔ اس پروگرام کو ممکن بنانے کیلئے امریکی حکومت 88 ملین روپے کی فنڈنگ کررہی ہے۔

یہ پروگرام INL اور سندھ پولیس کی جانب سے 2011 میں شروع کیا گیا جس کا مقصد سندھ کے 25 سالہ پرانے تربیتی نصاب میں جدت لانا ہے  جس میں تربیتی نصاب ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ماسٹر ٹرینر تیار کرنا اور سندھ پولیس کے سارے تربیتی اداروں میں نئے ماڈیول متعارف کرنا شامل ہے ۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 85 ہزار سے زائد پولیس افسران کو تیارشدہ پانچ  ماڈیولز کے مطابق تربیت دی جا چکی ہے جن میں ابتدائی تحقیق، انسانی حقوق، کمیونٹی پولیسنگ ، پیچیدہ اور فارینزک تحقیق شامل ہیں۔ یہ نصاب سندھ میں موجود پولیس کے تربیتی اداروں میں شامل کیا جائیگا۔

اس موقعے پر بات کرتے ہوئے قونصل جنرل سلبرسٹین نے کہا، "ہم جانتے ہیں کہ پولیس  دہشتگردی اور دیگر جرائم سے نمٹنے کی کاوشوں میں صف اول میں ہونے کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ، مستحکم اور جمہوری معاشرہ بنانے میں بھی پیش پیش ہے۔” INL پاکستان کی ڈائریکٹر ڈوروتھی انگوٹا نےکہا، "یہ باعث فخر ہے کہ پورے پاکستان کی پولیس نے سندھ پولیس کے اس پروگرام کو بیحد سراہا  ہےجوکہ سندھ پولیس کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔”

امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔

آئی این ایل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ http://www.state.gov/j/inl/.