03 فروری 2020
امریکی مشن پاکستان
رابطہ: امریکی قونصل خانہ کراچی پبلک افیئرز سیکشن (فون: 021-3527-5000)
فوری اجرا کیلئے
امریکی اور سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ایک اور جدید اسکول کا قیام
کراچی – یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے درمیان جاری شراکتداری کے نتیجے میں کراچی کے مقامی طلبا و طالبات اس سال سے ایک نئے اور جدید اسکول میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
پیر کے روز یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کونن اور صوبائی وزیر اطلاعات، محنت اور آرکائیوز سعید غنی نے گڈاپ ٹاؤن کے یوسف گوٹھ میں اسکول کا افتتاح کیا۔ اس اسکول میں نصابی سرگرمیاں رواں سال اپریل سے شروع ہونگی، جہاں 600 طلبا و طالبات جدید سہولیات سے آراستہ کلاسرومز میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
اس موقعے پر مشن ڈائریکٹر کونن کا کہا کہ "امریکا اور سندھ حکومت کے مشترکہ اقدامات کی وجہ سے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہت بہتر ہوگیا ہے۔ آج ان اسکولوں میں مفت معیاری تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کل پاکستان کے انجنیئر، ڈاکٹر اور تاجر بنیں گے۔”
وزیر اطلاعات، محنت اور آرکائیوز سعید غنی نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ کی تعلیم کو جدید معیار پر استوار کرنے پر امریکی حکومت کے کردار کی تعریف کی اور یو ایس ایڈ کے ساتھ پائیدار شراکتداری قائم رکھنے کا عزم دہرایا۔
صوبائی سیکریٹری تعلیم احسان علی منگی، سندھ حکومت اور امریکی حکومت کے نمائندگان سمیت مقامی لیڈران، اساتذہ، طلبا و طالبات اور والدین بھی موجود تھے۔
اسکول کی یہ نئی عمارت USAID کے 25 ارب روپے (159.2ملین امریکی ڈالر) کی مالیت کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت سندھ حکومت کی شراکت سے تعمیر کی گئی۔ امریکی حکومت اس پروگرام کے تحت سندھ کے 9 شمالی اضلاع اور کراچی کے پانچ ٹاؤنز میں 112 اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کرنے میں مدد فراہم کررہی ہے۔
اس پروگرام کا مقصد سندھ کے منتخب علاقوں میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سرکاری اسکولوں میں داخلہ بڑھانا اور برقرار رکھنا ہے اور اس میں خاص طور پر ان بچوں کو ایک اور موقع فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے پڑھائی چھوڑ چکے ہیں۔ اسکولوں کی تعمیر کے علاوہ SBEP صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، کمیونٹی موبلائیزیشن، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اور طلباء کے پڑھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی اعانت کرتا ہے۔
USAID کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: www.usaid.gov/Pakistan۔