امریکی اور پاکستانی فضائی افواج کی پاکستان میں مشترکہ تربیتی جنگی مشقیں

CDA Aggeler touring the history room at the Air Power Center of Excellence with PAF senior leadership.

اسلام آباد ( ۷ مارچ ۲۰۲۲ء)— امریکہ اور پاکستان کی فضائی افواج نے تین سال کے عرصہ   میں پہلی مرتبہ  ۲۶ فروری تا ۴  مارچ تک   فالکن ٹیلون ۲۰۲۲ء    نامی مشترکہ مشقیں  پاکستان کے ایک فعال  جنگی ہوائی اڈے  پر منعقد کیں  ،  جن  کا مقصد خطہ میں سلامتی    سے متعلق  اُمورپر  امریکہ اور پاکستان کے درمیان  تعاون کو فروغ دینا  ہے۔ اس موقع پر ناظم الاُمور اینجلا پی ایگلر اور یو ایس  سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) میں  مشقوں اور اشتراک کے شعبہ کے ڈائریکٹر میجر جنرل اسٹیون دی میلانیو نے  ۴  مارچ کودونوں ملکوں  کی ہوائی افواج کے درمیان  ہونے والی ان مشترکہ مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کلیدی اہمیت کی حامل ان  مشقوں کی میزبانی کرنے پر  پاکستان ایئرفورس کو مبارک باد پیش کی اور اُس کا شکریہ  ادا کیا۔  انہوں نے کہا کہ امریکی ایئرفورس کے متعدد اہلکاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہنا   اور پاکستان اور امریکہ کی ہوائی فوجوں کے اہلکاروں کو ایک دوسرے کے شانہ بشانہ  ایف سولہ طیارے اڑاتے ہوئے دیکھنا  خوشی کی بات ہے ۔ناظم الاُمور نے   اختتامی  مشقوں کا  مشاہدہ کیا اور امریکہ اور پاکستان کی ہوائی افواج کے  مرد اور خواتین ارکان  اور تکنیکی عملہ   سے ملاقات کی۔

ناظم الاُمور نے اس امر پر زور دیا کہ فالکن ٹیلون ۲۰۲۲ء جیسی مشقوں کے ذریعہ سے ہم ایک پائیدار شراکت داری کو  مضبوط کر رہے  ہیں جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام   میں معاون  ثابت ہوگی اور  یہ خطرات  کو مشترکہ  طور پر سمجھنے اور اُن سے نمٹنے کے  ذرائع  کی بنیاد پر قائم  ہے ۔

ان جنگی مشقوں  کا  انعقاد اپنی نوعیت کی چوتھی تقریب تھی۔ اس  سلسلہ میں  ۲۰۱۹ء، ۲۰۱۱ء اور ۲۰۰۹ء  میں بھی تربیتی مشقیں منعقد  ہو چُکی ہیں ۔ گزشتہ ہفتےمشقوں کے دوران  جہاز اڑانے ، ایک بڑی فوج کی تربیت اور  شریک مُلک کا  متعدد شعبوں بشمول  مرمت،   حفاظتی دستوں اور دیگر   معاونت  سمیت متعدد  صلاحیتوں   میں شمولیت  پر توجہ دی گئی۔

ناظم الاُمور ااینجلا ایگلر نے کہا کہ فالکن ٹیلون ۲۰۲۲ء  کا انعقاد ایسے  یادگار  لمحوں کے دوران ہوا ہے جب ہم  امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کے قیام  کا پچھترواں یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ یہ تربیتی مشقیں امریکی ایئرفورس اور پاکستانی ایئر فورس کے  درمیان  اشتراک کار  کو ۷۰ برس مکمل ہونے کے موقع   پر ہو رہی  ہیں اور ان کا مقصد خطے میں سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف عملی تیاریوں کومضبوط کرنا ہے۔

###