امریکی اور پاکستانی فن کاروں نے لوک ورثہ میں نیا میورل مکمل کرلیا

اسلا م آباد (۱۷  دسمبر، ۲۰۱۶ء) __   فنکار، طلبہ اور مقامی افرادآج امریکی اور پاکستانی فنکاروں کی جانب سے مشترکہ طور پر ڈیزائن اور پینٹ کیا گیا میورل دیکھنے کے لئے لوک ورثہ میں جمع ہوئے۔ امریکی اور پاکستانی فن کاروں کی جانب سے دیوار پر کئے گئے اس مشترکہ فنی کام میں پاکستانی قوم کی خوبصورتی اور ان کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

میورل کی تکمیل میں جن امریکی فنکاروں نے حصہ لیا ان کا تعلق واشنگٹن، ڈی سی میں قائم ‘‘ورڈز بیٹس اینڈ لائف’’ نامی بلا منافع کام کرنے والی ایک تنظیم سے ہے، جو مقامی آبادیوں کو مقامی اور عالمی طور پر تبدیلی کی ترغیب دینے کے لئے ہپ ہاپ کلچر کی طاقت کو بروئے کار لاتی ہے۔ اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ نے ان فنکاروں کے سفر اور سرگرمیوں کے لئے تعاون کیا، جس کے لئے کچھ خاص سینٹر برائے فنون، ثقافت و مکالمہ نے رابطہ کار کا کردار ادا کیا۔

ورڈز بیٹس اینڈ لائف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ماذی متفیٰ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اس کے سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانیوں سے سیکھنے اور ان کی مہمان نوازی، ثقافت اور تخلیلق سے آگہی کو اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی دوستوں کے ساتھ ملکر اس عوامی فن پارے کی تخلیق کے لئے بہت پرجوش تھے۔

امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام منسٹر قونصلر برائے امور عامہ راب رینز نے میورل منسوب کرنے کی تقریب سے خطاب کیا اور امریکہ اور پاکستان کی فنکار برادریوں کے درمیان مسلسل اشتراک کی حوصلہ افزئی کی۔

راب رینز نے کہا کہ دیوار پر کی گئی یہ پینٹنگ ہمیں یہ یاد دہانی کراتی ہے کہ فن سرحدوں سے بالاتر  ہے، یہ ایک عالمی زبان ہے جو ہمیں آپس میں منسلک کرتی ہے اور ہم سے ہماری قومیت سے بالاتر ہوکر مخاطلب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنی کام یہاں سے گزرنے والوں کو برسوں تک اس تخلیق کی یاد دلاتا رہے گا جو امریکیوں اور پاکستانیوں کے درمیان خیالات کے تبادلے اور ان کی مشترکہ کوششوں سے وجود میں آیا۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

https://pk.usembassy.gov

###