امریکی اور پاکستانی ماہرین فکری املاک کا پاکستانی جامعات کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون

اسلام آباد ( ۱۳ ِ ستمبر ۲۰۱۸ ء )—امریکی محکمہ تجارت نے ہائر ایجوکیشن پاکستان ( ایچ ای سی)، کنٹی نیوئنگ لیگل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اور انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائیزیشن پاکستان ( آئی پی اوپی) کے اشتراک سے یونیورسٹیوں کے لئے انٹلیکچوئل پراپرٹی (آئی پی) لائینسنگ  کی  ورکشاپ  کی افتتاحی نشست کا انعقاد کیا۔  نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ) میں یو ایس- پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز اِن انرجی ( یو ایس ایڈ اور نسٹ کا مشترکہ منصوبہ) میں ہونے والے اس دو روزہ پروگرام میں امریکہ اور پاکستان دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے وکلاء اور درس و تدریس سے منسلک  ماہرین نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے ایسی حکمت عملی بنانے کے بارے میں غور کیا ،جس کی بدولت جامعات اپنی فکری املاک کے حقوق کا تحفظ کرسکیں  اور اُن کو کاروباری بنیادوں پر استعمال کر یں۔

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے  قونصلر برائے اقتصادی امور مائیکل سلیوان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ  فکری املاک کی حفاظت کی بنیاد رکھنا پاکستان کے لئے جدت و اختراع اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کا بہترین راستہ ہے، جو بالآخر پاکستان کے بین الاقوامی مسابقتی معیار اور مضبوط معیشت کا باعث بنے گا۔  افتتاحی تقریب میں سلیوان کے ساتھ آئی پی او پی کے چیئرمین مجیب احمد خان نے بھی  شرکت کی اور انہوں نے فکری املاک کے پاکستان میں جدت و اختراع  اور اقتصادی ترقی پر اثرات پر اظہار خیال کیا ۔

دو روزہ کانفرنس کے اختتام پرشرکاء ایسے کیسوں کا مطالعہ کریں گے جن میں وہ  لائسنس کے حوالے سے کھل کر بحث ومباحثہ کرتے ہوئے خصوصی حکمت عملی اور معاہدےوضع کریں گے۔ یہ ورکشاپ کمرشل لاء ڈیویلپمنٹ پروگرام ( سی ایل ڈی پی) کا حصہ ہے، جو امریکی محکمہ تجارت کاایک ڈویژن ہے اورحکومتوں کے مابین فنی معاونت کے ذریعہ سے ملکوں کو تجارتی قوانین میں اصلاحات لانے میں مدد کرتا ہے۔ پاکستان میں ۲۰ سال سے  سرگرم، سی ایل ڈی پی نے حقوق ِدانش، عدالتوں کی اہلیت و صلاحیت میں اضافہ، توانائی پالیسی، ٹیلی مواصلات اور ٹیک اِنوویشن کے موضوعات پر  تبادلہ پروگرام چلائے ہیں اور منصوبوں پر کام کیا ہے۔

محکمہ تجارت کے سی ایل ڈی پی اِن پاکستان کے بارے میں مزید معلومات کے لیے  براہ مہربانی درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے:

http://www.cldp.doc.gov/category/countries-and-regions/asia-south-asia/pakistan.