امریکی تعاون سے تعمیرکردہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نئی عمارت کا افتتاح

اسلام آباد (۱۳ ِجولائی ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی سفارتخانے کے شعبہ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ  افئیرز (آئی این ایل) کے ڈپٹی ڈائر یکٹر مائیک مک کیون نے آئی این ایل  کے تعاون سے مکمل ہونیوالے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے سپنہ تھانہ کمپاؤنڈ  کی عمارت کے افتتاح کے حوالے سے ایک تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں کیا گیا۔  اس موقع پر آئی این ایل کے جانب سے سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لئے وردیاں اور زرہ بکتر بھی فراہم کی گئیں۔

دو اعشاریہ چھ ملین ڈالر سے زائد لاگت سے تعمیرشدہ  سپنہ تھانہ کمپاؤنڈ میں۹۰۰ ایف سی اہلکاروں  کے لیے دفاتر، رہائشی عمارت، بیرکس، میس ہالز، سنتری پوسٹس، اور چوکیوں کی تعمیر شامل ہے  ۔ تقریب کے دوران  آئی این ایل کے تعاون سے حال میں ایف سی کو مہیا کی گئی تین ملین ڈالر مالیت کی پندرہ سو حفاظتی جیکٹس اور ہیلمٹ، تیس ہزار وردیاں، پندرہ سو جوتے اور پندرہ ہزاربیلٹس کو بھی سراہا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر مائیک مک کیون نے حکومتی عملداری  اور سیکورٹی کی فراہمی میں اضافے کے لیے ایف سی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کہ سپنہ تھانے کی نو تعمیر شدہ عمارت کوہاٹ، پشاور اور خیبر ایجنسی  کے  سنگم پر واقع ہے اور یہ آئی این ایل کے تعاون سے دسمبر ۲۰۱۵ء اور مارچ ۲۰۱۶ء میں ایک اعشاریہ نو اور ایک اعشاریہ سات ملین امریکی ڈالر لاگت سے  تعمیر ایف سی اور لیوی کمپاؤنڈ  کے ساتھ واقع ہے۔

کمانڈنٹ لیاقت علی خان نے اپنے خطاب میں امریکی حکومت اور آئی این یل  کی اعانت اور موثر تعاون کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایف سی اور آئی این ایل کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

۲۰۱۷ء میں اب تک مہیا کی گئی تین ملین امریکی ڈالر کی اعانت کے علاوہ رواں برس امریکی سفارتخانے کا شعبہ آئی این ایل فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں  کی حفاظت  اور فاٹا میں آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک اعشاریہ پچتھر ملین امریکی ڈالر قیمت کے آرمرڈ پرسنل کیر ئیر بھی مہیا کر یگا۔

آئی این ایل  نوّے سے زائد مما لک میں جرائم، کرپشن، منشیات سے منسلک جرائم کے خاتمے، پولیس کے اداروں کی بہتری،  اور ایک شفاف اور جوابدہ نظام کے لیے قوانین اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے اعانت فراہم کرتا ہے۔

آئی این ایل سے متعلق مزید جاننے کے لیے ملاحظہ کیجئے:

http://www.state.gov/j/inl/

###