Flag

An official website of the United States government

امریکی تعاون سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر کانفرنس کا انعقاد، امریکی سفیر کا نوجوانوں کی استعداد کار ب
کی طرف سے
1 منٹ پڑھیں
نومبر 30, 2022

 

اسلام آباد ( ۳۰ نومبر ۲۰۲۲ء)- پاکستان میں امریکہ کے سفیر  ڈونلڈ بلَوم نے آج اعلیٰ تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی سے متعلق ایک بین الاقو امی کانفرنس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر یوٹاہ  یونیورسٹی کے عہدیدار  اور وفاقی وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی اور خُصوصی اقدامات احسن اقبال  بھی اُن کے  ہمراہ تھے۔   اس کانفرنس کا موضوع  اکیسویں صدی میں  اعلیٰ تعلیم کا کردار  ہے جبکہ  تعلیم اور  ملازمت کے درمیان بدلتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کانفرنس اس نکتہ کو زیر بحث لائے گی کہ جامعات کس طرح   اس تغیر پذیر صورتحال سے نمٹنے کے لیے   نئے سرے سے   صف بندی  کر سکتی ہیں۔

اس کانفرنس کا انعقاد   ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیوٹی ( ایچ اِی ایس ایس اے) کے تحت  کیا جا رہا  ہے جبکہ اس کے لیے اعانت امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے تعاون سے فراہم کی جارہی ہے۔  پاکستان کی سولہ سرکاری جامعات اور دیگر شراکت دار اس میں شامل ہیں جس کا مقصد   جامعات میں ایسے  موضوعات  پر تدریس اور تحقیق  کو پروان چڑھانا ہے جس کی عملی میدان میں ضرورت ہو  اور  یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد کو ملازمتیں میسر آ سکیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیرڈونلڈ بلَوم نے   ریاستہائے متحدہ  امریکہ اور پاکستان کے درمیان ۷۵ برس سے قائم دیرینہ شراکت  کی تعریف کی اور کہا کہ  ایک ایسے ملک میں جس کی  آبادی کا ۶۰ فیصد سے  زیادہ حصہ ۳۰ سال سے کم عمر کےنوجوانوں پر مشتمل ہو،  امریکہ کو چاہئے کہ وہ نوجوانوں کی مدد جاری رکھے تاکہ وہ اپنی   قابلیت کو بھرپورانداز میں بروئے کار لا سکیں۔

اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ  پاکستان  کی حکومت  اعلیٰ تعلیم کے شعبہ  میں اصلاحات کا خیر مقدم کرتی ہے اور  ہم مُلک  میں وافر  تعداد میں دستیاب نوجوان افرادی قوت کی قابلیت کا بھرپور فائدہ اُٹھانے کے لیے امکانات کی متلاشی ہیں۔  انہوں نے امریکی حکومت کے ساتھ  پاکستان کی ۷۵ برسوں پر مُحیط شراکت   کو سراہتے ہوئے  کہا کہ  امریکہ کی جانب سے  تعلیم کے شعبہ میں خُصوصی سرمایہ کاری کے ذریعہ تدریسی ماہرین کو  معاونت کی فراہمی قابل تحسین  کاوش ہے۔ احسن اقبال نے     ترقیاتی  سرگرمی کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیمی اداروں ، سرکاری اور نجی شعبہ کے درمیان  تعاون بڑھانے اور  اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ اِی سی) پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ کہا کہ ایچ ای سی  گریجویٹ افراد  کی ملازمتوں میں شمولیت   کی شرح میں بہتری کے لیے ماہرین کی کھیپ تیار کرنے  پر  امریکی حکومت کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔ امریکہ سے یوٹاہ ریاست کے سینیٹر کیتھ گرووَر نے کہا کہ   کسی بھی تعلیمی ادارے کا حتمی مقصد نوجوانوں کو ایسی کلیدی مہارتوں سے ہمکنارکرنا ہوتا ہے  جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر افرادی قوت میں مثبت کردار ادا کرسکیں ۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ کی جانب سے تعلیم کے شعبہ میں حمایت سے متعلق مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:usaid.gov/pakistan/education