پشاور ( ۶ مارچ ۲۰۲۳ء)- حکومتِ امریکہ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے توسط سے خیبر پختونخوا حکومت کے ادارے پبلک پروکیورمنٹ ریگیولیٹری اتھارٹی ( کے پی ، پی پی آر اے) کو الیکٹرانک پروکیورمنٹ کا نظام تشکیل دینے میں معاونت فراہم کی ہے۔ مخصوص ضروریات کا حامل یہ سافٹ ویئر خیبر پختونخوا حکومت کے حصول و فراہمی کے نظام کو خودکار اورمعیار کےمطابق بناتے ہوئے کارکردگی، شفافیت اور نقصان سے بچاؤ کو یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر پشاور میں امریکی قونصل جنرل پین فیلو مارکیز اور یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشل مین نے ایک تقریب میں کے پی حکومت کے چیف سیکریٹری امداد اللہ بوسال اور پی پی آر اےکے پی کے ایم ڈی میاں عادل اقبال کے ساتھ مِل کرنئے سافٹ ویئر کی کامیاب تیاری اور اجراء پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل مارکیز نے کہا کہ حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کا سرمایہ دانشمندی سے استعمال کرے تاکہ اِن اخراجات کاایک شفاف ریکارڈبرقرار رکھتے ہوئے عوام کا اپنی حکومت پر اعتماد جیتا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی آ ر اے کے پی میں احتساب کی اہمیت کا ادراک اور خریداری نظام کی بہتری کے لیے اُس کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ایشل مین نے اپنے اخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ایک دہائی پر مشتمل شراکت داری یوایس ایڈ کے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مِل جُل کر کام کرتے ہوئے ہی معاشی ترقی، تعلیم اور حفظانِ صحت سے متعلق سرگرمیوں اور پروگراموں سے پاکستانی عوام کی زندگیوں اور گزر بسر میں بہتری لائے ہیں، اور موجودہ دور میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل گزشتہ برس کے تباہ کُن سیلاب کے بعد امداد اور بحالی کے اقدامات ہیں۔
واضح رہے کہ یو ایس ایڈ نے ۲۰۱۰ء سے لیکر اب تک صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی میں معاونت کے لیے دو ارب ڈالرسے زیادہ کی رقم فراہم کی ہے۔