30 ستمبر 2019
رابطہ: جیسن گرین
فون: 021-3527-5000
فوری اجرا کیلئے
امریکی حکومت و عوام کی جانب سے دادو کیلئے جدید اسکول کا تحفہ
کراچی – یوایس ایڈ کے سندھ وبلوچستان کے قائم مقام ڈائریکٹر مارک سورنسن اور سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ڈائریکٹر مشتاق سومرو نے رکن صوبائی اسیمبلی پیر مجیب الحق کے ساتھ مل کر دادو کے علاقے موندر میں یو ایس ایڈ کی مدد سے حال ہی میں تعمیر شدہ اسکول کی عمارت کا افتتاح کیا۔ نئی تعمیر شدہ عمارت میں جدید کلاس روم، کمپیوٹر و سائنس لیب، صحت کمرہ اور لائبریری شامل ہیں جن سے سالانہ 800 طلبا مستفید ہوں گے۔
اس موقعے پر مارک سورنسن نے کہا، "مجھے یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے کہ امریکی اور سندھ حکومت کی شراکتداری کی وجہ سے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے۔ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام نجی شعبے کے ساتھ مل کر بچوں اور خصوصی طور پر بچیوں کیلئے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور ان کیلئے سیکھنے کے محفوظ مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔”
مشتاق سومرو اور پیر مجیب الحق نے یو ایس ایڈ کے تعاون سےسندھ کی تعلیم کو جدید معیار پر استوار کرنے پر امریکی حکومت کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقعے پرمقامی لیڈران، مختلف برادریوں کے ترجمان، اساتذہ، طالب علم اور والدین موجود تھے۔
اسکول کی نئی عمارت USAID کے 25 ارب روپے (159.2ملین امریکی ڈالر) سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت سندھ حکومت کی شراکت سے تعمیر کی گئی۔ امریکی حکومت اس پروگرام کے تحت سندھ کے 9 شمالی اضلاع اور کراچی کے پانچ ٹاؤنز میں 112 اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ اس میں سے 68 اسکولوں کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 44 اسکول تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد سندھ کے منتخب علاقوں میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سرکاری اسکولوں میں داخلہ بڑھانا اور برقرار رکھنا ہے اور اس میں خاص طور پر ان بچوں کو ایک اور موقع فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے پڑھائی چھوڑ چکے ہیں۔ اسکولوں کی تعمیر کے علاوہ SBEP صوبائی حکومت کے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، کمیونٹی موبلائیزیشن، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اور طلباء کے پڑھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی اعانت کرتا ہے۔
USAID کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: www.usaid.gov/Pakistan