امریکی حکومت کی مدد سے پاکستانی زرعی تجارتی وفد امریکہ روانہ

اسلام آباد ( ۱۱  ِ ستمبر ۲۰۱۸ء)۔۔امریکی محکمہ زراعت ( یو ایس ڈی اے )  نے،یوایس اے  ڈرائی پی اینڈ لینٹل کونسل  ( یو ایس  اے  ڈی پی ایل سی ) کے ساتھ تعاون سے ، ایک پاکستانی وفد کو دو ہفتوں پر مشتمل تجارتی مشن پر   ۹ ستمبر کو امریکہ روانہ کیا۔

اس ۱۴ ِرکنی وفد میں  دالیں درآمد کرنے والی  پاکستانی کمپنیوں  کے نمائندے شامل ہیں ۔ یہ تجارتی مشن شرکاء کو امریکہ میں درجہ اول کے  کاشتکاروں، پراسیسرز اور  برآمد کنندگان سے ملاقات کے ذریعے امریکی خشک مٹر،   سیم (بین)  اور دالوں کے شعبہ  کے بارے میں  سیکھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

یہ گروپ  ۹ سے ۲۱ ستمبر ۲۰۱۸ ء تک  مختلف امریکی شہروں اور ریاستوں  میں  کاشتکاری والے علاقوں  کا دورہ کر کے  دال کی اقسام کا معائنہ کرے گا  اور امریکی صنعتوں میں روابط استوار کرے گا۔  مذکورہ تجارتی وفد کی اہمیت اور  پاکستانی دالوں کے شعبہ کاروبار سے وابستہ افراد کے لئے اس کی قدروقیمت کو اجاگر کرتے ہوئے  امریکی محکمہ زراعت کی  قونصلر کیسی بین نے کہا کہ  شمال مغربی بحرالکاہل تک اس وفد کو  دورہ کروانا ا علیٰ درجہ کی امریکی دالوں کے بارے میں آگاہ کرنا  ہے کہ وہ کیسے پاکستانی صنعت  میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے  میں مدد فراہم کر  سکتی ہیں۔

۲۰۱۶ ء میں اسی  نوعیت کے ایک وفد نے  امریکہ میں  ۳۵ ِلاکھ امریکی ڈالر کے معاہدے کئے تھے جبکہ   مالی سال ۲۰۱۷ ء میں  محکمہ  زراعت کی جانب سے صنعتی شعبہ سے تعاون کی بددولت امریکی دالوں کی پاکستان میں برآمد میں دو کروڑ ڈالر  کا ریکارڈ اضافہ ہواہے۔