اسلام آباد(۸ دسمبر۲۰۲۲ء)- پاکستان میں امریکی سفارتخانے اورخیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے دس لاکھ ڈالر مالیت کے ایک مشترکہ منصوبہ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت صوبہ کے کاشتکاروں کے لیے تربیت کی فراہمی، آبپاشی نظام میں بہتری اورکُنبوں کی آمدنی میں اضافہ پرمرکوز اقدامات کیے جائیں گے۔
امریکی اعانت کے ذریعہ خواتین کاشتکاروں پر خُصوصی توجہ دیتے ہوئے چار ہزار کسانوں کے لیے دو سو تربیتی کورس مکمل کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ سیلاب کے خطرات میں کمی اورآبی وسائل کے استعمال میں بہتری کے لیے آبپاشی کے نظام کی تعمیر کریگاتاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاونت میسر ہو۔ اس حالیہ معاونت کے بعد امریکہ کی جانب سے ۲۰۱۹ء سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر مجموعی لاگت ساٹھ لاکھ ڈالر ہوجائے گی، جن سے باجوڑ، خیبر، مہمند اور تورغر کے ۴۴ ہزار خاندان مستفید ہوئے۔
اس منصوبہ پر دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں امریکی سفارتخانےکے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریوشوفر، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی انسداد منشیات اور نفاذِ قانون ( آئی این ایل) کے ڈائریکٹر لوری اینتولینز، صوبائی ایڈیشنل چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ، خیبرپختونخوا حکومت کے ڈی جی برائے محکمہ منصوبہ بندی اور ترقیات اور معاشی اُمور ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری اسلم زیب نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شُوفر نے صوبہ میں غیر قانونی فصلوں کی پیداوار کے خاتمے کے سلسلےمیں امریکہ اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان دیرینہ شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ۶۴ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجےمیں نئے ضم شدہ اضلاع میں خواتین کاشتکاروں کو کلیدی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی ، فصلوں کی بہتر پیداوار اور مہمند، باجوڑ، خیبر اور تورغر میں معاشی مواقع میسر آئیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت کے فصلوں کے کنٹرول سے متعلق پروگرام کے تحت ۱۹۸۸ء سے خیبر پختونخوا میں آٹھ کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔ اس معاونت میں بارہ سو کلومیٹر طویل سڑکیں ، تیرہ سو آبی ترسیل کی سہولیات اور آبپاشی کے منصوبے،ساڑھے پچھتر ہزار ایکڑ زمین کو زیادہ آمدن والی متبادل فصلوں کی کاشت کے لیے تیار کرنا شامل ہے، جس کے نتیجہ میں تین لاکھ ساٹھ ہزار خاندان مستفید ہوئے۔ مذکورہ عرصہ کے دوران پاکستان میں افیون کی کاشت میں ۸۷ فیصد تک کمی واقع ہوئی، جو ہماری دیرینہ شراکت کی کامیابی کی غماز ہے۔
اس وقت جبکہ ہم پاک-امریکہ تعلقات کے قیام کی پچہترویں سالگرہ منا رہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کا شعبہ آئی این ایل پاکستان میں انصاف ،سلامتی اور خوشحالی کے فروغ پر مبنی شراکت کے چالیس سال اجاگر کر رہا ہے۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران امریکی حکومت نے شہریوں کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے کی استعداد میں اضافہ کے لیے مُلک بھر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔ امریکی حکومت نوّے سے زیادہ ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام، منشیات کی تجارت کے خاتمے، پولیس کےاداروں میں اصلاحات اور شفاف اور قابل احتساب عدالتی نظام کے فروغ پر کام کرتا ہے۔ آئی این ایل کے کام کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
###