پشاور( ۱۹ ستمبر ۲۰۲۲ء)- پاکستان میں واقع امریکی سفارتخانہ اور خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی نے ۶۴ لاکھ ڈالر مالیت سے ایریا ڈیویلپمنٹ پروجیکٹس کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا، جن سے باجوڑ، خیبر، مہمند اور تورغر کے اضلاع میں ۴۴ ہزار خاندان مستفید ہوئے ہیں۔ امریکی سفارتخانہ کے شعبہ برائے انسداد منشیات و نفاذ قانون ( آئی این ایل )کے ڈائریکٹر لوری انتولینز اور خیبر پختونخوا کے ڈی جی ایس ڈی یو منصوبہ بندی و ترقی سہیل خان نے منصوبوں کی تکمیل کی تقریب میں شرکت کی۔
امریکی معاونت سے خیبر پختونخوا حکومت نے ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۲ء کے درمیان ۲۹ کلومیٹر سڑکیں، ۵۵ نہریں اور پینے کے پانی کے ۵۵ منصوبے تعمیر کیے ہیں۔ ایریا ڈیویلپمنٹ پروجیکٹس کے تحت کسانوں کو پانچ ہزار ایکڑ زمین پر غیرقانونی افیون کے بجائے زیادہ منافع بخش متبادل فصل کاشت کرنے کے لیے بیج اور تربیت فراہم کی گئی۔
ڈی جی ایس ڈی یو سہیل خان نے اس موقع پر کہاامریکی اعانت سے تکمیل ہونے والے منصوبوں نے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور منصوبوں پر عملدرآمد سے سڑکوں کی تعمیر اور معاشی اور تعلیمی مواقع کی فراہمی، پینے کے پانی تک مستقل رسائی، خاندانوں کی آمدنی میں اضافہ اور مقامی معیشت میں بہتری ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں منعقد ہ ایک تقریب میں آئی این ایل کے ڈائریکٹر انتولینز نے صوبہ میں غیر قانونی فصلوں کی پیداوار کے خاتمے کے سلسلےمیں امریکہ اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان دیرینہ شراکت کا اعترا ف کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ۶۴ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجےمیں مہمند، باجوڑ، خیبر اور تورغر میں خوشحالی، استحکام اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
اس وقت جبکہ ہم پاک-امریکہ تعلقات کے قیام کی پچہترویں سالگرہ منا رہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کا شعبہ آئی این ایل پاکستان میں انصاف ،سلامتی اور خوشحالی میں معاونت پر مبنی شراکت کے چالیس سال اجاگر کر رہا ہے۔ کئی دہائیوں سے امریکی حکومت نے آئی این ایل کے توسط سے شہریوں کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے کی استعداد میں اضافہ کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔واضح رہے کہ آئی این ایل کا بیورو نوے سے زیادہ ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام، منشیات کی تجارت کے خاتمے، پولیس کےاداروں میں إصلاحات اور شفاف اور قابل احتساب عدالتی نظام کے فروغ پر کام کرتا ہے۔ آئی این ایل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ کریں: