مظفرآباد (۱ِ۲۰پریل ۲۰۱۸ء) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی نے لنکن کارنر مظفرآباد کی نگرانی کے لیے اشتراک میں مزید ایک سال( اپریل ۲۰۱۸ تا اپریل ۲۰۱۹ ) کی توسیع کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ امریکی سفارتخانے کی قونصلر برائے تعلقاتِ عامہ مشل لوس بانوس اورآزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اس یادداشت پر دستخط کیے۔ پہلی مرتبہ ۲۰۰۷ء میں قائم ہونے والا یہ لنکن کارنر آز اد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد او امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ مفاہمت پر دستخط کے ساتھ ، لنکن کارنر کے قیام کو گیارہ سال مکمل ہونےکا جشن بھی منایا گیا۔ امریکی سفارتخانہ کے نمائندگان، وائس چانسلر، یونیورسٹی کے ڈینز ، شعبہ جات کے سربراہوں ، اساتذہ، طالبعلموں، اور پاکستان – یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے مقامی ارکان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد پاکستان بھر میں اٹھارہ لنکن کارنرز پر مشتمل نیٹ ورک چلاتا ہے۔ لنکن کارنر دراصل ایک ریسورس سینٹر ہوتا ہے جہاں سرکاری لابئریریوں، جامعات اور ثقافتی مراکز جیسے پاکستانی اداروں کے ساتھ ملکر تقریبات کے انعقاد کے لئے جگہ بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مشل لوس بانوس نے کہا کہ لنکن کارنرز بشمول لنکن کارنر مظفرآباد ہمیں پاکستانیوں کے ساتھ ایسےپروگراموں کے بارے میں کھل کر بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو خوشحالی ، باہمی مفاہمت اور لوگوں سے لوگوں کے تعلقات کو فروغ دیتے ہیں۔
لنکن کارنر مظفرآباد کو اکتوبر ۲۰۱۶ء میں دوبارہ تزئین و آرائش کے بعد عام لوگوں کے استعمال کے لئے اضافی وسائل کے ساتھ جدید اور زیادہ آرام دہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ نیا لنکن کارنر کتابوں، رسائل، ویڈیوز، اِی بُکس اور اِی لائبریری یو ایس اے تک بلا قیمت رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس لنکن کارنر میں لوگ ڈیٹا بیسز کے ایک بڑے ذخیرے، علمی جرائد، اِی بکس، اخباری کالموں اور اِی لائبریری یو ایس اے کے ذریعے ملٹی میڈیا ماخذ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے اشتراک سے یہ لنکن کارنر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے طالبعلموں اور مظفرآباد کی مقامی آبادی کو انگریزی زبان سیکھنے، امریکہ میں تعلیم کے وسائل، سائنس اور ٹیکنالوجی ، ذاتی کاروبار کے آغاز، گوشہِ تخلیق اور امریکہ کے بارے میں معلومات پر مبنی ماہانہ پروگرام کا انعقاد کرتا ہے۔ کارنر نے صنفی بنیادوں پر امتیاز اور تشدد کے بارے میں شعور بیدار کرنے، ابھرتے ہوئے انٹرپرینیوئرز کے مابین تبادلہ معلومات کے فروغ ، جبکہ گوشہ تخلیق اور اسپارک لیب کے ذریعہ جدت و تخلیق کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی پروگراموں کی میزبانی کی ہے۔