امریکی سفارتخانہ اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام لنکن کارنر مظفر آباد کا پندرہواں یوم تاسیس منایا گیا

اسلام آباد (۱۲ مئی ۲۰۲۲ء)-امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ ریمنڈ کاسٹیلو اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی نے اساتذہ اور طالبعلموں کے ہمراہ یونیورسٹی میں لنکن کارنر کے قیام کے پندرویں یوم تاسیس اور اس کے قیام میں مزید دو سال کی توسیع کی مفاہمتی یاداشت نامہ کی تقریب میں شرکت کی۔ ۔ واضح رہے کہ ۲۰۰۷ء میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں قائم کیا جانے والا یہ لنکن کارنر پاکستان میں سب سے زیادہ عرصہ سے خدمات سرانجام دینے والے لنکن کارنرز میں سے ایک ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریمنڈ کاسٹیلو نے کہا کہ جیسا کہہم یہ پندرہواں یوم تاسیس منانے رہے ہیں ، ہم مستقبل میں بھی اس نوعیت کی متعدد سرگرمیاں منعقد کرنے کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے لنکن کارنر مظفر آباد میں گیارہ جون سے اکیڈمی فار ویمن انٹر پرینوئرز کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے بھی خوشی ہو رہی ہے۔ یہ اکیڈمی پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پیش کیا جانے والا مکمل مالی اعانت پر مبنی مسابقتی پروگرام ہے جس کے تحت پاکستان میں ذاتی کاروبار کرنے والی خواتین کو اپنی تجارتی مہارتوں میں اضافہ وسائل اور کاروبارشروع کرنے اور اسے وُسعت دینے کے لیے رابطہ کاری میں معاونت پر مبنی آن لائن تربیت دی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پندرہواں یوم تاسیس امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کے قیام کے پچھتر سال مکمل ہونے کے سلسلہ میں منعقد کی جانےوالی تقریبات کا حصہ ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری شراکت گزرتے وقت کے ساتھ وسیع سے وسیع تر ہوتی رہی ہے اور ہم پُرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تعلقات آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں قائم لنکن کارنر میں تھری ڈی پرنٹر اور ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹس کی سہولت، کتابوں کا مجموعہ ، مختلف جرائد اور تحقیقی مواد دسیتاب ہے ، کارنر کے اندر امریکہ کے بارے میں معلومات کی فراہمی سے متعلق موضوعا ت پر عوامی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

لنکن کارنر مظفر آباد پاکستان میں موجود ۱۹ جبکہ دنیا میں قائم ۶۰۰ سے زیادہ امریکن اسپیسز کے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ پاکستان میں یہ مقامات امریکی سفارتی مشن اور معروف پاکستانی تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے درمیان شراکت داری کے غماز ہیں۔لنکن کارنرز تقریبات کے انعقاد کی سہولیات اورتدریسی وسائل کے مراکز ہیں جو نوجوانوں کو امریکہ سے جوڑتے ہیں۔ کارنرز میں منعقد ہونے والے آن لائن اورشخصی شرکت کے پروگراموں میں شمولیت مفت اور ہر کسی کے لیے عام ہوتی ہے جو کہ ۷۵ برس قبل پاکستان کے قیام سے لیکر اب تک امریکہ اور پاکستان کے درمیان قائم تعلقات کی مضبوطی کی زندہ مثال ہے۔

مظفر آباد میں ریمنڈ کاسٹیلو نے آزاد جمو ں و کشمیر کے محکمہ تعلیم کے حکام سے ملے اور انہوں نے انگلش ورکس کے طالبعلموں سے بھی ملاقات کی جو امریکی سفارتخانہ کا ایک پروگرام ہے جس کے تحت بیروزگار یا چھوٹی ملازمت کرنے والے ۱۷ سے ۲۵ سال کی عمر کے نوجوانوں کو انگریزی زبان بہتر بنانے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے جبکہ ملازمت کے حُصول کے امکانات بڑھانے کے لیے اُن کی کاروباری اور تکنیکی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا تاہے۔ ریمنڈ کاسٹیلو نے اس موقع پر پاکستان یو ایس الومنائی نیٹ ورک کے چالیس سے زیادہ ارکان سے بات چیت بھی کی۔

لنکن کارنرز یا امریکی سفارتخانہ کے انگریزی زبان کی تربیت کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے امریکی سفارتخانہ کی ویب سائٹ یا لنکن کارنرز پاکستان اور آر ای ایل او پاکستان کے فیس بک صفحات ملاحظہ کریں۔