پشاور(۱۶ نومبر ۲۰۲۲ ء) -امریکی سفارتخانہ پاکستان کے منسٹر قونصلر برائے پبلک ڈپلومیسی ولیم اوسٹک نے نومبر ۱۳ سے ۱۶ تک پشاور کا دورہ کیا اور بین الاقوامی ہفتہ برائے تعلیم اور انٹرپرینوئرشپ کا افتتاح کیا۔ عالمی ہفتہ تعلیم کی ایک نمایاں تقریب میں منسٹر قونصلر اوسٹک نے شہید بینظیر بھٹو وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صفیہ احمد کے ہمراہ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیےاور پشاور کے ایلیانور رُوزویلٹ کارنر کے اشتراک کار کی تجدید کی۔ یہ کارنر اُن اٹّھارہ امریکن اسپیسز میں سے ہے جو پاکستانی طلباء کو امریکی تعلیم کے مآخذ کے بارے میں جاننے اور امریکی ماہرین سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولیم اوسٹک نے کہا کہ ان کے لیے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ وہ عالمی ہفتہ تعلیم کے موقع پر مفاہمت کی ایک یادداشت کے ذریعہ تین سال کے لیے ایلیانور رُوزویلٹ سنٹر پشاور کی تجدید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پاکستان کے مستقبل کے لیے اشد ضروری ہے اور اس طرح کے ادارے پاکستانی خواتین کو زندگی کو بدل دینے والے تجربات سے رُوشناس کرانے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں کے کہا کہ یہ سال پاک۔امریکہ باہمی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تعلیمی روابط ہمارے مجموعی تعلقات کا اہم حصہ رہے ہیں۔
۱۵ نومبر کو منسٹر قونصلر اوسٹک نے خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی سے ملاقات میں پاکستان کے زرخیز ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لیے پاک ۔امریکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی ہفتہ برائے انٹرپرینوئر شپ کے حوالے سے منسٹر قونصلر اوسٹک نے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کا دورہ کیا اور سینٹرل لائبریری میں واقع لنکن کارنر میں ایک "کریئیٹر اسٹوڈیو” کا افتتاح کیا۔ جدید ترین آلات سے لیس یہ اسٹوڈیوطالبعلموں اور کاروبار سے وابستہ تکنیک کاروں کوجدید صوتی و بصری ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے، ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ کرنے اور متعلقہ مواد پیدا کرنے کے مواقع فراہم کریگا۔
صوبہ میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید اُجاگر کرنے کے لیے، منسٹر قونصلر نے پشاور میں نیشنل انکیوبیٹر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عاصم اسماعیل کے ہمراہ "کِلم اےسی ٹی "منصوبے کا افتتاح کیا جس کے لیے امریکی مشن ایلومینائی کی جانب سے مالی اعانت فراہم کی جارہی ہے تاکہ صوبہ کو درپیش موسمیاتی چیلنجوں سےنمٹنے کے لیے جدید حل تلاش کیے جا سکیں۔ اس گرانٹ کے تحت، نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے صلاح کار مختلف کاروبار شروع کرنے والوں کوموسمیاتی بحرانوں کے حوالے سے ان کے کاروباری خیالات کو مزید سنوارنے کے لیے رہنمائی فراہم کرینگے۔ اس اعانت سے امریکہ اور پاکستان کے مابین گرین الائنس کو مزید فروغ حاصل ہوگا جو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے، توانائی کے ذرائع کی تبدیلی اور شمولیت کی حامل معاشی ترقی میں مدد فراہم کریگا۔
گزشتہ ۲۲ سالوں کے دوران امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی محکمہ تعلیم نے بین الاقوامی تعلیم اور تبادلہ پروگراموں کی اہمیت اُجاگر کرنے کے لیے ہر سال نومبر میں عالمی ہفتہ تعلیم منایا ہے۔ نومبر میں اسی ہفتہ کے دوران عالمی ہفتہ برائے انٹرپرینوئر شپ بھی منایا جاتا ہے جس میں دنیا بھر میں کاروباری ماحول کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائٹس ملاحظہ فرمائیں: