اسلام آباد ( ۸مئی ۲۰۱۸ء ) امریکی سفارتخانہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشز اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے مالیاتی شمولیت اور اِی کامرس (برقی ذرائع سے کاروبار) کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ ماسٹر کارڈ کمپنی کے نمائندگان نے پاکستان میں مالیاتی شمولیت پر پینل مباحثہ کے ساتھ اس موضوع پر بھی بات چیت کی کہ ان کی کمپنی کس طرح سے دوسرے ممالک میں مالیاتی شمولیت کے نظام کے قیام میں مدد فراہم کرتی ہے۔ جبکہ دوسرے پینل نے فکس /موبائل مواصلاتی پلیٹ فارم اور ان کے اِی کامرس پر ممکنہ اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔ سیمینار میں تجارتی قواعدوضوابط، ڈیجیٹل ذرائع سے پیسے کے لین دین اور موبائل بینکاری کے موضوعات پر بھی مباحثہ ہوا۔ موبائل بینکاری پاکستان کی قومی مالیاتی شمولیت کے بارے میں حکمت عملی کے ان اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے جس کہ تحت دس کروڑ پاکستانیوں کو بینکاری خدمات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔
پی ٹی اے کے ماہرین کے ساتھ ساتھ، مقررین اور پینل میں شریک ماہرین میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، عالمی بینک، پاکستانی مواصلاتی کمپنیوں اور انٹرنیٹ تک رسائی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ امریکی پروگرام برائے فروغ ِ قانونِ تجارت اور یو ایس ایڈ کے جانب سے پاکستان میں مالی شراکت داری کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا سیمینار تھا۔یہ ہماری جانب سے پاکستان میں نجی شعبے کی زیر رہنمائی مشترکہ ترقی کے فروغ کی غرض سے کی جانے والی وسیع کاوش کا حصہ ہے، جو کہ مستقبل میں اسی نوعیت کے پروگرام وضع کرنے میں بنیادی کردار اداکرے گی ۔