اسلام آباد(۲ ِ جولائی ۲۰۱۸)- امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل، نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اوروسط ایشیائی امور ایلس ویلز اور سمندر پار بلڈنگ آپریشنزکی پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹریسی تھامس نے نئی قونصلر سہولیات، دفتری اور رہائشی عمارتوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر ہیل نے کہا کہ سفارتخانہ کی یہ نئی عمارت دونوں ملکوں کے مابین سفارتی خدمات سر انجام دینے کے لیے جدید اور ماحولیاتی طور پر پائیدار پلیٹ فارم فراہم کر تی ہے جبکہ یہ پاکستانی عوام کے ساتھ امریکہ کے دیرینہ عزم کی بھی عکاس ہے۔
واضح رہے کہ ۲۰۱۱ء میں تعمیراتی کام کی شروعات سے اب تک، مجموعی طور پر دس ہزار سے زائد افراد نے اس منصوبہ کی تکمیل کے لیے کُل ملا کر تین کروڑ گھنٹے کام کیا، اور اس کے توسط سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور مقامی اشیاء کے استعمال سے مقامی معیشت میں چوبیس ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس منصوبہ کی پائیداری اور توانائی بچاؤ خصوصیات کے باعث یو ایس گرین بلڈنگزکونسل نے عمارت کو "ایل ای ای ڈی سلور” قرار دیا ہے۔
###