اسلام آباد (۹ ِ نومبر، ۲۰۱۶ء) __ لگ بھگ ایک ہزار مہمانوں نے امریکہ کے قومی دن اور ۸ ِنومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج ملاحظہ کرنے کیلئے آج صبح امریکی سفارتخانہ میں منعقدہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی۔
اگرچہ امریکی لوگ روایتی طور پر اپنا قومی دن ۴ ِجولائی کو مناتے ہیں ،لیکن امریکی سفارتخانہ نے امریکی ثقافت میں انتخابات اور جمہوری عمل کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے یہ تقریب منعقد کرنے کیلئے ماہ ِنومبر کاانتخاب کیا ۔
امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس موقع پر اظہار ِخیال کرتے ہوئے کہا کہ صدر باراک اوبامہ اور وزیراعظم نواز شریف نےگذشتہ سال وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاک۔امریکہ تعلقات میں جمہوریت کوایک کلیدی ستون قرار دینے کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم یہاں اپنی جمہوریت کو کام کرتا دیکھ رہے ہیں۔
غیر ملکی سفارتکاروں ، سرکاری حکام ، کاروباری شعبے اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نےٹیلیویژن پر امریکی انتخابات کی براہ راست کوریج دیکھی اوراس موقع پر لاہور سے تعلق رکھنے والے معروف طائفے سچل اسٹوڈیوزکی بجائی گئی "جاز "دھنوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
سچل اسٹوڈیوز کے ستار نواز نفیس خان نے کہا کہ ہم اس موقع پر اپنی پرفارمنس کے ذریعے پاکستانی ساتھیوں کو امریکی "جاز "موسیقی سے متعارف کروا کر محظوظ ہوئے۔ ایک طائفے کے طور پر اپنے تمام تر فنی سفر کے دوران ہم نے موسیقی کو مختلف ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان ابلاغ اوراُن کے مابین نت نئے خیالات کا تبادلہ کرنے کاایک بہترین ذریعہ پایا ہے۔
:اس تقریب کی تصاویر درج ذیل لِنک پر دستیاب ہیں
https://www.flickr.com/photos/usembpak/albums/72157676338008925.