اسلام آباد( ۲۴ نومبر ۲۰۲۱ء)۔۔ امریکی حکومت نے خواتین اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمہ کے لیے سولہ روزہ آگہی مہم کے موقع پر اسلام آباد میں اپنے سفارتخانہ کے شعبہ برائے اُمور عامہ کے توسط سے انسانی حقوق کی کارکن اور سوشل میڈیا پر سرگرم کنول احمد کو پاکستان میں خواتین کو درپیش صنفی تشد د کے موضوع پر دو دستاویزی فلمیں تیار کرنے کے لیے اعانت فراہم کی ہے۔
صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمہ کی یہ مہم ۲۵ نومبر سے۱۰ دسمبر تک جاری رہے گی اور کنول احمد کی تیار کردہ دستاویز ی فلمیں امریکی سفارتخانہ کے سماجی رابطوں کے ذرائع ابلاغ پر ۲۵ نومبر اور چھ دسمبر کو نشر کی جائیں گی۔ ان دستاویزی فلموں میں صنفی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کی کہانیاں بیان کی گئی ہیں ، جبکہ ان فلموں میں صنفی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کی مدد کیلئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والی خاتون کارکنوں کے کردار کو بھی اُجاگر کیا گیا ہے ۔ پاکستان اور دُنیا بھر میں صنفی بنیادوں پر تشدد کے واقعات شدید تشویش کا باعث ہیں۔ صنفی بنیادوں پر روا رکھے جانے والے ہر قسم کے تشدد کی روک تھام اور اُس کے خلاف ردعمل کا اظہار امریکی حُکومت کے جمہوریت کو فروغ دینے، انسانی حقوق کی ترویج، صنفی مساوات کی حوصلہ افزائی اور خواتین اور لڑکیوں کو اُن کے مختلف پس منظر کے باوجود با اختیار بنانے کے عزم کا مرکزی سُتون ہے۔
فلم ساز کنول احمد سول سسٹرز پاکستان کی بانی ہیں، جو پاکستان اور جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی صرف خواتین کی رُکنیت کے لیے مخصوص آن لائن سماجی رابطے کی سہولت ہے۔وہ یوٹیوب پر "کنورسیشن ود کنول "کے عنوان سے سلسلہ وار پروگرام بھی نشر کرتی ہیں۔ کنول احمد کی دستاویزی فلمیں دیکھنے اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمہ کیلئے سولہ روزہ تحریک کے بارے میں سوشل میڈیا پر ہماری سرگرمیوں سے متعلق جاننے کیلئے ذیل میں دیئے گئے ہمارے فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹا گرام صفحات کو فالو کریں ۔
https://www.facebook.com/pakistan.usembassy
https://twitter.com/usembislamabad
https://www.instagram.com/usembislamabad/
###