اسلا م آباد (۱۷ جنوری، ۲۰۱۷ء) __ امریکی سفارتخانہ نے لاہور سے تعلق رکھنے والے مصور عمران قریشی کو انٹرنیشنل میڈل آف آرٹس برائے ۲۰۱۷ء جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ عمران قریشی کو اپنے ہمعصر مصوروں نک کیوو، جینی ہولزر اور وولف کانھ، پیٹ اسٹیئر اور ریچل وائٹ ہیڈ کے ساتھ واشنگٹن، ڈی سی میں ۱۲ جنوری کو ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی تقریب میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ عمران قریشی سے قبل پاکستان سے یہ اعزاز شازیہ سکندر نے ۲۰۱۳ء میں حاصل کیا تھا۔
انٹرنیشنل میڈل آف آرٹس اُن فنکاروں کو دیاجاتا ہے جو سفارتخانوں کی ثفافتی سفارتکاری میں بصری فنون اور بین الاقوامی ثفافتی تبادلہ کے ذریعے اپنے فن سے گہری وابستگی کا مظاہر ہ کرتے ہیں۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے فنکاروں نے اپنی فنی مہارتوں اور سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے امریکہ کے ثفافتی ورثہ کی صورت گری کرنے میں مدد کی۔ اُن کے فن سے دوسری قوموں کے ساتھ خلیج کم کرنے، تبادلہ خیال اور اظہار کی حوصلہ افزائی کرنے اور دنیا بھر میں مختلف قوموں،ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والوں لوگوں کے مشترکہ تجربات کو اُجاگر کرنے میں مدد ملی۔
عمران قریشی کے فن پاروں کو امریکی سفارتخانہ میں امریکی سفیر کی رہائش گاہ میں آویزاں کیاگیاہے۔ ان کا فنی کام "آرٹ ان ایمبیسیز "(اے آئی ای) کا حصہ ہے جو میوزیم آف ماڈرن آرٹ کے مالی تعاون پر مبنی اقدام کا حصہ ہے ،جس کا آغاز ۱۹۵۳ء میں ہوا اور اسے کینیڈی انتظامیہ نے ۱۹۶۳ء میں باضابطہ طور پر امریکی محکمہ خارجہ کا حصہ بنایا ۔ گزشتہ پچپن برسوں کے دوران ،اے آئی ای نے عالمی سطح پر بصری فنون کے ذریعے ثقافتی سفارتکاری خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ،جس کے تحت دنیا بھر میں ۱۸۹ ملکوں میں ۲۰۰ سے زائد مقامات پر انفرادی اور اجتماعی سطح پر ۲۳ ہزار سے زائد اشتراک کار میں حصہ لیا گیا۔
یہ جانتے ہوئے کہ فنون لطیفہ آپس میں اشتراک، علم کے حصول اور حوصلہ افزائی کا سبب بنتے ہیں، امریکی سفارتخانہ پاکستانی اور امریکی لوگوں کو ایک دوسرے کی فنی روایات سے متعارف کرانے سمیت پاکستان میں فنی پروگراموں کے لئے سالانہ دس کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی اعانت کرتا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔
آرٹس ان ایمبیسیز یا انٹرنیشنل میڈل آف آرٹس کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔
تصاویر مندرجہ ذیل لنک پر دستیاب ہیں۔
https://www.flickr.com/photos/usembpak/albums/72157673964409343
###