Flag

An official website of the United States government

امریکی سفارتخانہ کی جانب سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں توسیع شدہ لنکن کارنر کا افتتاح
کی طرف سے
2 منٹ پڑھیں
مارچ 31, 2022

 

اسلام آباد ( ۳۱ مارچ ۲۰۲۲ء)۔۔  اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانہ کے  منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ  ریمنڈ کاسٹیلو نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حمید ، طالب علموں  اور اساتذہ کے ساتھ مل کر تزئین و توسیع شدہ سُوزن بی انتھونی لنکن کارنر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر لنکن کارنر کے انتظام و انصرام سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ ۲۰۰۸ء میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں قائم یہ لنکن کارنر پاکستان میں قائم ابتدائی چند کارنرز میں سے ایک ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں  منسٹر قونصلر برائے پبلک آفیئرز   رے کاسٹیلو نے کہا کہ یہ ریڈنگ رُوم نوجوان خواتین رہنماؤں کے لیےمعلومات کےتبادلہ کے مربوط نظام  کو توسیع دینے، مختلف ثقافتوں میں کام کرنے کی اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے دینے اور امریکہ اور اس کے لوگوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ایک غیر معمولی ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ہم امریکہ اور پاکستان کےتعلقات کا پچھترواں یومِ تاسیس منا رہے ہیں، یہ لنکن کارنردونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات بڑھانے، انھیں  قریب لانے اور معلومات اور تعلیمی ذرائع تک رسائی کا ایک ذریعہ ہیں۔ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی لنکن کارنر  کتب و جرائدکا ایک جامع ذخیرہ، ڈیجیٹل انفارمیشن ریسورسز، تھری ڈی پرنٹر اور امریکہ سے متعلق تقریبات کے لیےجگہ فراہم کرتا ہے۔ حالیہ توسیع کے بعد اس جگہ میں چار گُنا اضافہ ہو اہے جس سے  دیگر سہولیات بشمول ٹیکنالوجی،علمی ڈیٹابیسز، کتب و جرائد تک طلبہ اور محققین کی رسائی بڑھ گئی ہے۔

سُوزن  بی انتھونی ریڈنگ رُوم پاکستان بھر میں موجوداُنیس دیگراور دنیا بھر میں قائم چھ سو امریکن اسپیسسزکا حصہ ہے۔پاکستان میں یہ کارنرز امریکی سفارتخانہ اور ممتاز پاکستانی تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے درمیان اشتراک کے عکاس  ہیں۔ لنکن کارنرزوسائل کے  ایسے  ذرائع ہیں جو نوجوان قیادت کو ریاستہائے متحدہ امریکہ سے جوڑتے ہیں۔ آن لائن اور حقیقی پروگرام عوام کی شرکت کے لیے بلاقیمت دستیاب ہیں جو کہ پاک امریکہ تعلقات کے ہمہ جہت تعلقات کا ایک ٹھوس ثبوت ہیں۔

لنکن کارنرز کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے سفارتخانہ کی ویب سائٹ  یا لنکن کارنرز پاکستان کا فیس بُک پیج ملاحظہ  فرمائیں۔

###