اسلام آباد ( ۱۱ ِ جولائی ۲۰۱۸ ء ) امریکی سفارتخانہ نے بدھ کے روز انگلش ایکسیس مائکرو اسکالرشپ کے دو نئے پروگراموں کا آغاز کیا ہے، جن میں سے ایک سر سید پبلک اسکول راولپنڈی اور دوسرا ویژن بلڈنگ فیوچر کی توسط سے پاکستان سویٹ ہوم میں چلایا جائے گا۔ ان پروگراموں سے ۳۵۰ سے زیادہ طالبعلم مستفید ہوں گے۔
امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور نے پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان میں تعلیمی شعبہ میں امریکہ کی جانب سے جاری تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستانی قیادت کی اگلی نسل تیار کرنے کے عمل میں مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک پر امریکی سفارتخانہ کو فخر ہے ۔
انہوں نے طالبعلموں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع کو نئے خیالات کی تلاش اور ایک دوسرے سے سوالات پوچھنے کے لیے استعمال کریں، کیوں کہ وہ نوجوان قائدین ہیں جو ایک بہتر پاکستان، بہتر دنیا اور ایک بہتر مستقبل کے معمار ہیں۔
ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام پسماندہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو اسکول کے بعد دو سالہ بھرپور نشستوں کے ذریعے انگریزی زبان کی مہارتیں سیکھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ۲۰۰۴ء میں اس پروگرام کے آغاز سے اب تک۸۷ ملکوں میں ۱۱۰،۰۰۰ سے زائد طالبعلموں نے انگلش ایکسیس پروگرام میں شرکت کی ہے۔ ۲۰۰۶ ء سے اب تک، ۱۴،۰۰۰ سے زائد پاکستانی طالبعلم اس پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں ۔