امریکی سفارتخانہ کی جانب سے پاکستانی خواتین کیلئے گریجویٹ سطح کے مزید ۷۰۰ وظائف کا اعلان

اسلام آباد (۳ ستمبر۲۰۲۱ء)ــ پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانہ نے  ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ اِی سی) کے اشتراک  سے دو ستمبر کو مزید سات سو پاکستانی خواتین کو گریجویٹ سطح تک حُصول تعلیم کیلئےوظائف دینے کا  اعلان کیا ہے ۔    دو سالہ دورانیے  کے یہ  وطائف، جن کا آغاز  رواں سال  سے ہوگا اور یہ  ۲۰۲۳ءتک جاری رہیں گے، باصلاحیت  خواتین کو شعبہ زراعت، کاروبار، انجنیئرنگ، طبی  اور معاشرتی عُلوم میں حُصول تعلیم کی خاطر دیئے جائیں گے۔ امریکہ نے ۲۰۰۳ء سے لےکراب تک پاکستان  بھر میں مالی طورپر پسماندہ مگر تعلیمی میدان میں کامیاب ۵۳۰۰طالبات کو اہلیت  اورضرورت (ایم این بی ایس پی )کی بنیاد پریہ وظائف فراہم  کیے ہیں۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی اپنے میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ پروگرام (ایم این بی ایس پی) کے تحت ایچ ای سی کے تعاون سے تعلیمی میدان میں ذہین مگر مالی لحاظ سے پسماندہ یونیورسٹی سطح  کی تعلیم کیلئے  طالبعلموں کواعانت  فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام میں  ترجیحی  طور پر  شمالی سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سابقہ فاٹا کے علاقوں سمیت پاکستان کے دورافتادہ اور دیہی علاقوں کے رہائشی طالبعلم  شامل ہوتے ہیں۔ یو ایس ایڈ نے ۲۰۱۳ء  سے وظائف کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے صنفی مساوات  اوراعلیٰ تعلیم تک رسائی کویقینی بنانے کے لیے پچاس فیصد اسکالرشپس خواتین کیلئے مختص کردیئے ہیں۔  آج سات سواضافی اسکالرشپس فراہم کرنے کے اس اعلان سے ایم این بی ایس پی اسکالرشپس حاصل کرنے والے پاکستانی طالبعلموں  کی کل تعداد چھ ہزار ہو  گئی ہے۔

اس موقع پریوایس ایڈ کے نائب مشن ڈائریکٹرمائیکل نہرباس نے کہا کہ مکمل مالی امداد کے حامل یہ سات سو وظائف گریجویٹ سطح کی  ہونہار اور باصلاحیت خواتین کو اعلیٰ تعلیم کا اپنا خواب  پورا کرنے کیلئے بطور اعانت فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اورایچ ای سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ایم این بی ایس پی میں توسیع  کرنےپریوایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا  کہ خواتین کے حُصول تعلیم اور ملازمت میں سرمایہ کاری اُنھیں  بااختیار بنانے اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے مواقع فراہم کرنے کے ایچ ای سی کے نصب العین سے ہم آہنگ قدم ہے۔

یو ایس ایڈ پاکستان کی جانب سے شعبہ تعلیم میں اعانت  کے بارے میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں:

https://www.usaid.gov/pakistan/education

###