اسلام آباد (۳ اگست ۲۰۲۳ء) – پاکستان میں امریکی سفارتخانہ نے اکیڈمی آف ویمن انٹرپرینوئرز ( اے ڈبلیو اِی) کے تحت بنیادی سرمایہ کاری کے تیسرے مقابلہ میں کامیاب ہونے والی چار خواتین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔ اس سخت مقابلہ میں ۷۰ سے زیادہ ذہین گریجویٹ خواتین شرکاء میں سے چار نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور اُن کو اپنے کاروبار کی شروعات کے لیے بالترتیب ساڑھے پانچ ہزار، ساڑھے چار ہزار، ساڑھے تین ہزار اور ڈھائی ہزار امریکی ڈالر زکی بنیادی سرمایہ کاری فراہم کی گئی۔ مقابلہ میں شریک اُبھرتی ہوئی خواتین تاجروں نے ۱۳ ہفتوں پر مشتمل تربیت کے دوران مختلف کاروباری منصوبوں پر طبع آزمائی کی ۔ مقابلہ جیتنے والی شرکاء نے تجارتی ماحول سے متعلق اپنی معلومات، اپنے نصب العین کے فروغ اور اپنے مجوزہ تجارتی منصوبوں سے معاشرہ پر مرتب ہونے والے ممکنہ مثبت اثرات کے بارے میں منصفین کو قائل کیا۔
مقابلے میں انعام حاصل کرنے والوں میں سے ماریہ اشفاق کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور اُن کا منصوبہ توانائی کے شعبہ میں ماحول دوست کوئلہ کی اشیاء متعارف کراتے ہوئے انقلاب برپا کرنے سے متعلق ہے۔ انیقہ ستار کا منصوبہ نامیاتی کھاد کا استعمال کرتے ہوئے ماحول اور صارف دونوں کو بہتر انتخاب فراہم کرنے سے متعلق تھا۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی صباحت موسیٰ کیک تیار کرنے کے کاروبار کو اپنی برادری کی خواتین کے لیے تربیت اور بااختیاربنانے کا ذریعہ بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جبکہ کوئٹہ ہی سے تعلق رکھنے والی صائمہ اقبال خوبصورت اور بُنے ہوئے ملبوسات کو فروخت کرتے ہوئے اُن کو تیار کرنے والے کوئٹہ شہر کے معذورہنر مندوں کوباعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ مقابلہ میں شریک تین دیگر متاثرکُن خواتین کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا، جو مہاجرین، ٹرانسجینڈر افراد اور دور افتادہ برادریوں کو آمدنی اور ملازمت فراہم کرنے میں سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ تجربہ کار پاکستانی کاوباری شخصیات کی ذاتی نگرانی میں منعقد کی گئی ، تین ماہ دورانیہ پر مشتمل اس تربیت میں ۹۰ خواتین نے شرکت کی اور یہ اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد اور کوئٹہ میں امریکی مشن کی جانب سے قائم کردہ سات لنکن کارنرز میں منعقد ہوئی۔
امریکی سفارتخانہ مُلک بھر میں تجارتی سرگرمیوں کی خواہشمند خواتین کے جذبہ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کیونکہ ہم سب کا مستقبل اُن کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ مذکورہ نوعیت کے متاثر کن مقابلوں میں شرکت کی خواہشمند خواتین لنکن کارنرز کے فیس بک پیج سے رجوع کرتے ہوئےآئندہ آنے والے مواقع سے مستفید ہو سکتی ہیں۔
###