اسلام آباد ( ۱۱ جون ۲۰۲۲ء)- امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے کمرشل امور سے متعلق قونصلر جون کوروناڈو نے آج منعقدہ ایک ورچوئل افتتاحی تقریب میں کاروبار سے وابستہ ۱۱۵ پاکستانی خواتین کو اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینوئر (اے ڈبلیو ای) ۲۰۲۲ ءکے لیے ان کے انتخاب پر مبارکباد دی ۔یہ امریکی تربیتی پروگرام دنیا بھر سے خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں اس پروگرام کا آغازپاک امریکہ تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کی تقریبات کا نہ صرف حصہ ہے بلکہ پاکستان میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے جاری کوششوں کی جانب ایک قدم ہے تاکہ خواتین اپنی معاشی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئےتمام پاکستانیوں کے خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جون نے کاروبار سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب خواتین معاشی طور پر با اختیار ہوتی ہیں تو وہ اپنےرشتہ داروں اور برادریوں کے معاشرتی تانے بانے کو مضبوط کرنے اور افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح معاشی نمو کو بڑھاوا ملتاہے اور استحکام میں اضافہ ہوتا ہے۔
کاروبار سے وابستہ مستحکم پاکستانی خواتین کی زیر نگرانی اس ٹریننگ کی شرکاء تین مہینہ دورانیہ کی ایک محنت طلب تربیت میں آن لائن شرکت کریں گی۔ یہ تربیتی پروگرام اریزونا اسٹیٹ یوینورسٹی کے تھنڈر برڈ اسکول آف گلوبل مینجمنٹ اور امریکی قدرتی ذرائع کی کمپنی فری پورٹ میک مورن نے تشکیل دیا ہے۔ اے ڈبلیو ای کے ذریعہ شرکاء کاروبار کے حوالے سے بنیادی مہارتیں حاصل کرینگے اور ہر ہفتہ ملاقات کے ذریعہ مقامی اور امریکی ماہرین سے گفت و شنید کا موقع بھی کر سکیں گے۔ اے ڈبلیو ای کا مقصدبنیادی کاروباری معلومات کی فراہمی، کاروباری خواتین کو سرمایہ کاری کی سہولیات سے روشناس کروانا، کاروبار میں وسعت کے مواقع فراہم کرنا اور ممکنہ کاروباری ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ملتان، مظفر آباد، خیر پور اور پشاور میں واقع امریکی سفارتخانہ کےچار لنکن کارنرز، پاکستان امریکن کلچرل سینٹرز اور ڈوو فاؤنڈیشن کی مدد سے اے ڈبلیو ای پاکستان ۲۰۲۲ ءکی نمائندگی کریں گے۔ یاد رہے کہ پشاور، لاہور، راولپنڈی اور لاڑکانہ میں واقع لنکن کارنرز نے اے ڈبلیو ای پاکستان ۲۰۲۱ء میں شرکت کی تھی۔ اس تربیت کے اختتام پر پر شرکاء کو یہ موقع حاصل ہو گاکہ وہ اپنے اپنے کاروبار کی تشکیل کے لیے امریکی مشن پاکستان سے بنیادی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے مسابقت کر سکیں۔ تربیت سے فراغت کے بعد، تمام شرکاء عالمی اے ڈبلیو ای نیٹ ورک کا حصہ بن جائیں گے جو ان کے کاروبار کی ترقی کے لیے مزید مواقع فراہم کریگا اور امریکی ایکسچینج پروگراموں کے سابقہ طلباء کی تنظیم میں بھی شرکت کر سکیں گے۔
اے ڈبلیو ای کے بارے میں مزید جاننے کے لیےمندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں یا منسلک حقائق نامہ دیکھیں۔
###